لبنان جنگ بندی کامیاب ہونے پر ایران مؤقف نرم کر سکتا ہے
سابق امریکی سفیر نے آبنائے ہرمز تنازع میں پیش رفت کی امید ظاہر کردی
عمان میں امریکہ کے سابق سفیر رچرڈ شمائیر نے کہا ہے کہ آبنائے ہرمز کی بندش سے متعلق ایران کے اعلان پر امریکہ کی جانب سے فوری ردعمل نہ آنا ایک مثبت اشارہ ہے، کیونکہ اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ پس پردہ سفارتی رابطے جاری ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اگرچہ امریکی فوج شپنگ کمپنیوں کو سکیورٹی کی یقین دہانی کرا رہی ہے، تاہم ایران کی دھمکیوں کے باعث بحری کمپنیوں میں تشویش پائی جاتی ہے اور ممکنہ طور پر بعض کمپنیاں اپنی ترسیلات کم یا مؤخر کر رہی ہیں۔
سابق امریکی سفیر نے امید ظاہر کی کہ اس معاملے میں جلد پیش رفت سامنے آئے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ سوئٹزرلینڈ میں ہونے والے سفارتی رابطوں کے بعد امکان ہے کہ ایران آبنائے ہرمز سے متعلق اپنے سخت مؤقف میں نرمی لائے گا، خاص طور پر اگر لبنان میں جنگ بندی کامیاب اور مستحکم ثابت ہوتی ہے۔
رچرڈ شمائیر نے کہا کہ جنگ بندی مؤثر ہونے کی صورت میں دونوں فریقوں کو ایک دوسرے کے خلاف دھمکیوں یا مذمتی بیانات کی ضرورت نہیں رہے گی اور معاملات معمول کی جانب بڑھ سکیں گے۔