کراچی میں چلتی پنک بس کے قریب نازیبا حرکات کرنیوالا شخص گرفتار
فیڈرل بی ایریا عصمت کارنر سے حراست میں لیا گیا۔ گرفتار شخص کی شناخت 45 سالہ ارسلان اعجاز کے نام سے ہوئی ہے
کراچی میں پولیس نے راشد منہاس روڈ پر بس میں موجود خواتین کے سامنے نازیبا حرکت کرنے والے شخص کو گرفتار کر لیا۔
پولیس کے مطابق ملزم کو سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے ٹریس کر کے فیڈرل بی ایریا عصمت کارنر سے حراست میں لیا گیا۔ گرفتار شخص کی شناخت 45 سالہ ارسلان اعجاز کے نام سے ہوئی ہے، جو جوہر آباد کا رہائشی ہے۔
ایڈیشنل ایس ایچ او کے مطابق ملزم نے ابتدائی تفتیش کے دوران جرم کا اعتراف کیا ہے اور اس کا ویڈیو بیان بھی ریکارڈ کیا گیا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی مزید تفتیش جاری ہے جبکہ ملزم کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے۔
حکام نے کہا ہے کہ خواتین کو ہراساں کرنے اور اخلاقی جرائم میں ملوث عناصر کے خلاف سخت کارروائی جاری رہے گی تاکہ شہریوں کو محفوظ ماحول فراہم کیا جا سکے۔