ہمارانقصان کردیا!پیٹرول سستا ہونے پرتیل کمپنیاں شہبازحکومت سے ناراض

اقدام یک طرفہ قرار۔ فیصلہ مقررہ طریقہ کار کے مطابق نہیں تھا

June 22, 2026 · اہم خبریں

 

پیٹرولیم کمپنیوں نےتیل کی مصنوعات سستی کرنے احتجاج کرتے ہوئےاقدام کو یک طرفہ قراردے دیا۔ صنعت نے الزام لگایا ہے کہ یہ فیصلہ مقررہ طریقہ کار کے مطابق نہیں تھا اور اس کے نتیجے میں ریفائنریوں اور آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کو 105 ارب روپے کا نقصان ہواہے۔

ایک انڈسٹری ایگزیکٹو نے بتایا کہ وفاقی کابینہ نے تین ماہ سے بھی کم عرصے میں قیمتوں کے تعین کے طریقہ کار کی چار بار منظوری دی، اور ہر بار “گول پوسٹس” تبدیل کر کے انتہائی مشکل حالات میں انڈسٹری کے نقصان میں اضافہ کیا گیا۔انہوں نے خبردار کیا کہ کئی آئل مارکیٹنگ کمپنیاں دیوالیہ ہونے کا خطرہ لاحق ہو سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ شیل، ٹوٹل اور شیورون کے ملک چھوڑنے کے بعدپہلے ہی صف اول کی کمپنیوں کم رہ گئی ہیں۔

عہدے دار نے کہا کہ پہلے جب قیمتیں بڑھ رہی تھیں تو حکومت نے 15 دن کا اوسط استعمال کیا، پھر جب قیمتیں، امپورٹ پریمیم اور وار رسک سرچارجز میں اضافہ ہوا تو ہفتہ وار اوسط پر سوئچ کر لیا، اور بعد میں پروڈکٹ امپورٹس کی بجائے خام تیل پر مبنی قیمتوں کا فارمولا اپنایا۔تازہ ترین فیصلے میں،حکومت نے تین ماہ کے اوسط پریمیم استعمال کیے،حالاں کہ پاکستان اسٹیٹ آئل کا اصل بینچ مارک دستیاب نہیں تھا۔ یہ اس وقت کیا گیا جب پٹرولیم کی درآمدات کا جائزہ اور منظوری نیشنل کوآرڈینیشن اینڈ مینجمنٹ کونسل نے دی تھی، جو توانائی کی سپلائی اور قیمتوں کے حوالے سے نیا تشکیل دیا گیا سول،ملٹری فورم ہے۔

صنعت کے مطابق، موجودہ فارمولے کے تحت 19 جون کو ڈیزل کی ایکس ریفائنری قیمت میں 30 روپے فی لیٹر کمی ہونی چاہیے تھی، لیکن کابینہ سرکولیشن کے ذریعے لیے گئے فیصلے کے تحت، بغیر کسی بحث و مباحثے کے، اسے 81 روپے فی لیٹر کم کر دیا گیا۔ تازہ ترین قیمت ایڈجسٹمنٹ کے بعد صرف پی ایس او کو 50 ارب روپے کا نقصان ہو سکتا ہے، پاک عرب ریفائنری کو 25 ارب روپے، باقی تمام کمپنیوں کو مشترکہ طور پر تقریباً 30 ارب روپے نقصان کا خدشہ ہے۔

تین درجن سے زائد ریفائنریوں او آئل مارکیٹنگ کمپنیوں پر مشتمل آئل کمپنیز ایڈوائزری کونسل، نے حکومت کو باقاعدہ احتجاجی مراسلہ لکھا اور پیر یا منگل کو تمام چیف ایگزیکٹوزکے ساتھ فوری اجلاس کی درخواست کی تھی۔ سرکاری ذرائع کے مطابق یہ درخواست مسترد کر دی گئی ہے۔

کونسل کے مطابق، آئل مارکیٹنگ کمپنیوں نے بڑھتے ہوئے ورکنگ کیپیٹل کے دباؤ کے باوجود ملک بھر میں ڈسٹری بیوشن اور اسٹریٹجک انوینٹریز برقرار رکھیں، ریفائنریوں نے ہائی سپیڈ ڈیزل مارجنز کیپ کرکے، مسلح افواج اورحج پروازوں کے لیے پری وار ریٹ پر جیٹ فیول فراہم کر کے اور قیمت میں فرق کے دعوے کو کم کرنے کے لیے 70 ارب روپے سے زائد کا حصہ ڈالا۔