موٹر سائیکل چوری میں ملوث برقع پوش خاتون اور ساتھی گرفتار

گلشن راوی لاہور پولیس نے ویڈیو اور سیف سٹی سے ملزمان گرفتار کیے

June 22, 2026 · جرم وسزا, قومی

فائل فوٹو

لاہور میں گلشن راوی پولیس نے بہترین کارروائی کرتے ہوئے برقع پوش خاتون کو اس کے آشناوقاص عرف کاشی کے ساتھ گرفتار کر لیا۔

پولیس کے مطابق ملزمہ اپنے ساتھی کے ساتھ مل کر گھر کے باہر کھڑی موٹر سائیکلیں چوری کرتی تھی اور انہیں سستے داموں فروخت کر دیتی تھی۔

پولیس نے بتایا کہ ملزمان کو ویڈیو میں موٹر سائیکل چوری کرتے اور برقعہ پوش خاتون کو چوری شدہ موٹر سائیکل چلاتے ہوئے بھی دیکھا جا سکتا ہے۔

ایس پی اقبال ٹاؤن کے مطابق ملزمان کو سیف سٹی اور لوکل کیمروں کی مدد سے ٹریس کیا گیا اور خفیہ اطلاع پر شرقپور برج اٹاری سے گرفتار کیا گیا۔

ایس پی سدرہ خان نے بتایا کہ ملزمان سے پستول مع گولیاں، نقدی اور چوری شدہ دو موٹر سائیکلیں برآمد کی گئیں۔

دونوں ملزمان کو مزید تفتیش کے لیے انویسٹی گیشن کے حوالے کر دیا گیا ہے جبکہ ایس پی اقبال ٹاؤن نے ایس ایچ او گلشن راوی اسد بشیر اور پولیس ٹیم کو شاباش دی ہے اور کہا ہے کہ اسٹریٹ کرائم کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی۔