سپریم کورٹ آف پاکستان کا سرکاری ملازمین سے متعلق اہم فیصلہ جاری

بری ہونے والے ملازم کو مکمل تنخواہ و مراعات کا حق ہوگا،عدالت

June 22, 2026 · قومی

فائل فوٹو

اسلام آباد میں سپریم کورٹ آف پاکستان نے سرکاری ملازمین سے متعلق اہم فیصلہ جاری کیا ہے۔

عدالت نے قرار دیا ہے کہ الزامات سے باعزت بری ہونے والا سرکاری ملازم مکمل تنخواہ، مراعات اور دیگر واجبات کا حقدار ہوگا۔

آٹھ صفحات پر مشتمل فیصلے میں کہا گیا کہ فوجداری مقدمے میں بری ہونے کی صورت میں غیر حاضری کا وقت “ڈیوٹی پر گزارا گیا وقت” تصور ہوگا۔

سپریم کورٹ نے واضح کیا کہ محکمانہ اور فوجداری کارروائی الگ الگ نوعیت رکھتی ہیں اور دونوں بیک وقت آزادانہ طور پر چل سکتی ہیں۔

عدالت نے کہا کہ تادیبی کارروائی میں ملازم کو مؤقف پیش کرنے اور جواب دینے کا موقع دینا آئینی و قانونی تقاضا ہے۔
سپریم کورٹ نے خیبرپختونخوا سروس ٹربیونل کا فیصلہ کالعدم قرار دیتے ہوئے اپیل منظور کر لی۔

عدالت نے محکمہ تعلیم خیبرپختونخوا کو ہدایت دی کہ بحال ہونے والے ٹیچر کی سابقہ تنخواہوں اور مراعات سے متعلق دو ماہ میں فیصلہ کیا جائے۔

کیس کے مطابق بنوں کے گریڈ 17 کے ٹیچر کو فوجداری مقدمے میں سزا کے بعد برطرف کیا گیا تھا، تاہم ہائیکورٹ سے بریت کے بعد وہ بحال ہوئے مگر سابقہ مراعات نہیں دی گئیں۔