غلط پرچم پیش کرنے پر ایف آئی ایچ نے پاکستان سے تحریری معذرت کرلی

یہ ایک انتظامی غلطی تھی، مستقبل میں ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے تمام انتظامی اور آپریشنل طریقہ کار کا ازسرِ نو جائزہ لیا جائے گا۔ہیلری اٹکنسن

June 23, 2026 · اسپورٹس, قومی
فائل فوٹو

فائل فوٹو

لندن: ایف آئی ایچ پرو لیگ میں پاکستان کے غلط جھنڈے کی نمائش پر ایف آئی ایچ ہاکی پرو لیگ انتظامیہ نے پاکستان ہاکی فیڈریشن سے باضابطہ تحریری معذرت کی ہے۔

ایف آئی ایچ ہاکی پرو لیگ کی ڈائریکٹر ہیلری اٹکنسن نے پاکستان ہاکی فیڈریشن (پی ایچ ایف) کے صدر محی الدین احمد وانی کے نام خط میں پاکستان کے قومی پرچم کی غلط نمائش پر غیر مشروط معذرت کا اظہار کیا۔

یہ واقعہ لندن میں پاکستان اور بھارت کے درمیان ایف آئی ایچ پرو لیگ میچ سے قبل قومی ترانوں کی تقریب کے دوران پیش آیا، جہاں پاکستان کے پرچم میں سفید رنگ کا حصہ شامل نہیں تھا۔

خط میں کہا گیا ہے کہ کسی بھی ٹیم کا قومی پرچم اس کی شناخت، فخر اور نمائندگی کی اہم علامت ہوتا ہے اور اس غلطی سے پاکستان ٹیم، اس کے حامیوں، پاکستانی عوام اور پاکستان ہاکی فیڈریشن کی دل آزاری ہوئی، جس پر ایف آئی ایچ کو گہرا افسوس ہے۔

ہیلری اٹکنسن نے اپنے خط میں اس واقعے کی مکمل ذمہ داری قبول کرتے ہوئے کہا کہ یہ ایک انتظامی غلطی تھی اور مستقبل میں ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے تمام انتظامی اور آپریشنل طریقہ کار کا ازسرِ نو جائزہ لیا جائے گا۔

انہوں نے یقین دہانی کروائی کہ آئندہ کسی بھی ٹیم کے قومی تشخص اور وقار سے متعلق ایسی کوتاہی دوبارہ نہیں ہونے دی جائے گی۔