گلگت بلتستان میں پہاڑسر کرتے فرانسیسی کوہ پیما ہلاک
کوہ پیما گانچھے کی وادی ہوشے میں برفانی تودے کی زد میں آ گیا تھا،، ریسکیو آپریشن جاری
فائل فوٹو
گلگت بلتستان کے ضلع گانچھے کی وادی ہوشے میں بلتستان پیک نامی پہاڑی چوٹی سر کرنے کی کوشش کے دوران برفانی تودے کی زد میں آکر 40 سالہ فرانسیسی کوہ پیما ہلاک ہو گیا۔
پولیس کے مطابق جاں بحق ہونے والے کوہ پیما کی شناخت پیئر گیلوم کے نام سے ہوئی ہے۔ وہ 7,282 میٹر بلند چوٹی کو سر کرنے والی تین رکنی بین الاقوامی مہم کا حصہ تھا۔
ابتدائی رپورٹس کے مطابق حادثہ چڑھائی کے دوران پیش آیا جب اچانک برف اور چٹانوں کا تودہ کوہ پیما پر آ گرا، جس سے وہ موقع پر ہی جان کی بازی ہار گیا۔
مقامی حکام اور ریسکیو اہلکاروں نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ لاش کو بیس کیمپ تک پہنچانے کے لیے کارروائی جاری ہے۔
حکام کے مطابق مہم کے دیگر دو ارکان بھی ابھی تک بیس کیمپ واپس نہیں پہنچے۔ ان کا سراغ لگانے کے لیے کوششیں جاری ہیں۔
علاقے میں پولیس اہلکاروں، رضاکاروں اور کوہ پیمائی کے معاون عملے پر مشتمل ریسکیو اور ریکوری آپریشن جاری ہے۔