981 دن بعد قومی ٹیم میں واپسی،نیمارآبدیدہ ہو گئے

تین سال بعد دوبارہ برازیل کی نمائندگی کرنا ان کے لیے انتہائی خوشی اور فخر کی بات ہے

June 25, 2026 · اسپورٹس
981 دن بعد قومی ٹیم میں واپسی،نیمارآبدیدہ ہو گئے

981 دن بعد قومی ٹیم میں واپسی،نیمارآبدیدہ ہو گئے

برازیل کے اسٹار فٹبالر نیمار جونیئر نے طویل وقفے کے بعد قومی ٹیم میں واپسی کرتے ہوئے جذباتی لمحات کا سامنا کیا اور میدان میں واپسی پر آبدیدہ ہو گئے۔

ورلڈکپ 2026 کے دوران ہونے والے ایک اہم میچ میں نیمار تقریباً 981 دن بعد برازیل کی قومی ٹیم کی نمائندگی کرتے ہوئے میدان میں اترے۔ وہ میچ کے 76ویں منٹ میں بطور متبادل کھلاڑی شامل ہوئے، جس پر اسٹیڈیم میں موجود شائقین نے کھڑے ہو کر بھرپور استقبال کیا۔

طویل عرصے بعد قومی جرسی میں واپسی نیمار کے لیے ایک یادگار اور جذباتی لمحہ ثابت ہوئی۔ میچ کے دوران شائقین نے ان کی ہر حرکت اور کِک پر بھرپور داد دی اور ان کی حوصلہ افزائی کرتے رہے۔

میچ کے بعد گفتگو کرتے ہوئے نیمار نے کہا کہ تین سال بعد دوبارہ برازیل کی نمائندگی کرنا ان کے لیے انتہائی خوشی اور فخر کی بات ہے۔ انہوں نے کہا کہ اب وہ جسمانی طور پر خود کو بہتر محسوس کر رہے ہیں، تاہم اتنے طویل عرصے تک ٹیم سے دور رہنا آسان نہیں تھا۔

واضح رہے کہ نیمار اکتوبر 2023 میں ایک بین الاقوامی میچ کے دوران انجری کا شکار ہونے کے بعد قومی ٹیم سے باہر ہو گئے تھے اور اب تقریباً تین سال بعد دوبارہ برازیلین اسکواڈ کا حصہ بنے ہیں۔