مالی تنازع پر ایک ہی خاندان کے 4 افراد کے قتل کا انکشاف

22 جون کو پڑوسیوں نے ایک گھر سے تعفن آنے کی اطلاع دی، جس پر پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے گھر سے چار افراد کی لاشیں برآمد کیں۔

June 27, 2026 · جرم وسزا

 بھارت کی ریاست تلنگانہ میں مبینہ طور پر مالی تنازع ایک ہی خاندان کے چار افراد کے قتل کی وجہ بن گیا، جبکہ پولیس نے مرکزی ملزم سمیت متعدد افراد کو گرفتار کر لیا ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق ملزم اسلم، جو پیشے کے لحاظ سے کار ڈرائیور ہے، شدید مالی مشکلات اور قرضوں میں گھرا ہوا تھا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ اس نے اپنے رشتہ داروں سے مزید قرض لینے کی کوشش کی، تاہم انکار اور سابقہ قرض کی واپسی کے مطالبے کے بعد مبینہ طور پر واردات کی منصوبہ بندی کی۔

تحقیقات کے مطابق 22 جون کو پڑوسیوں نے ایک گھر سے تعفن آنے کی اطلاع دی، جس پر پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے گھر سے چار افراد کی لاشیں برآمد کیں۔

پولیس کا دعویٰ ہے کہ ملزم نے واردات سے قبل انٹرنیٹ پر مختلف ویڈیوز دیکھ کر منصوبہ تیار کیا اور پھر متاثرہ خاندان کے گھر پہنچ کر چار افراد کو قتل کرنے کے بعد زیورات، زمین سے متعلق دستاویزات اور دیگر قیمتی اشیا ساتھ لے گیا۔

حکام کے مطابق بعد ازاں چوری شدہ سامان کو ایک جیولر کے پاس گروی رکھا گیا۔ اس کیس میں ملزم کی اہلیہ، ایک مبینہ سہولت کار اور قیمتی سامان گروی رکھنے والے جیولر کو بھی گرفتار کر لیا گیا ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ مقدمے کی مزید تحقیقات جاری ہیں اور تمام ملزمان سے مختلف پہلوؤں پر پوچھ گچھ کی جا رہی ہے۔