سدرہ عرب قتل کیس،ضمانت پر رہا 26 ملزمان دوبارہ تفتیش کے لیے طلب

سمن بھی جاری کر دیے گئے ہیں۔ مقدمے کا ایک ملزم تاحال اشتہاری قرار دیا گیا ہے۔

June 27, 2026 · جرم وسزا

راولپنڈی میں مبینہ طور پر جرگے کے فیصلے پر خاتون سدرہ عرب کے قتل کے مقدمے میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔ پولیس نے انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت کے حکم پر مقدمے میں دہشت گردی سے متعلق نئی دفعات شامل کر لی ہیں۔

پولیس کے مطابق مقدمے میں نامزد 27 ملزمان میں سے ضمانت پر رہا ہونے والے 26 افراد کو دوبارہ شاملِ تفتیش کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، جس کے لیے انہیں طلبی کے سمن بھی جاری کر دیے گئے ہیں۔ مقدمے کا ایک ملزم تاحال اشتہاری قرار دیا گیا ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ مقدمے کی مزید تفتیش انسپکٹر طارق گوندل کے سپرد کر دی گئی ہے، جبکہ انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت میں بھی قانونی کارروائی جاری ہے۔

یاد رہے کہ سدرہ عرب کے قتل کا مقدمہ ملک بھر میں توجہ کا مرکز بنا تھا اور یہ معاملہ سپریم کورٹ اور سینیٹ میں بھی زیر بحث آ چکا ہے۔ پولیس کے مطابق ابتدائی مقدمے میں قتل کی دفعات شامل تھیں، تاہم اب انسداد دہشت گردی ایکٹ کی دفعہ 7-ATA سمیت دیگر متعلقہ دفعات بھی شامل کر دی گئی ہیں۔

پولیس کا کہنا ہے کہ کیس کی تفتیش جاری ہے اور تمام قانونی تقاضے پورے کرتے ہوئے کارروائی آگے بڑھائی جا رہی ہے۔