کراچی سے کوئٹہ سیر کیلئے آنےوالی فیملی پر حملہ، شوہر قتل، بیوی زخمی

جمعہ کی شب راستہ بھولنے کے باعث قومی شاہراہ سے ہٹ کر دشت کے علاقے کھنڈ کے قریب پہنچ گئے۔

June 28, 2026 · جرم وسزا
کراچی سے کوئٹہ سیر کیلئے آنےوالی فیملی پر حملہ، شوہر قتل، بیوی زخمی

کراچی سے کوئٹہ سیر کیلئے آنےوالی فیملی پر حملہ، شوہر قتل، بیوی زخمی

کوئٹہ: سیر و تفریح کے بعد واپس کراچی جانے والی ایک فیملی پر مستونگ کے قریب نامعلوم افراد کی فائرنگ کے نتیجے میں شوہر جاں بحق جبکہ ان کی بیوی زخمی ہوگئی، تاہم دونوں کمسن بیٹیاں محفوظ رہیں۔

پولیس کے مطابق کراچی سے تعلق رکھنے والے موبائل فون کے تاجر علی جمیل اپنی اہلیہ اور دو بیٹیوں کے ہمراہ کوئٹہ کی سیر کے بعد واپس کراچی جا رہے تھے کہ جمعہ کی شب راستہ بھولنے کے باعث قومی شاہراہ سے ہٹ کر دشت کے علاقے کھنڈ کے قریب پہنچ گئے۔

بتایا گیا ہے کہ اس دوران نامعلوم افراد نے گاڑی کو رکنے کا اشارہ کیا، تاہم گاڑی نہ روکنے پر فائرنگ کردی گئی، جس کے نتیجے میں علی جمیل موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے جبکہ ان کی اہلیہ عائشہ شدید زخمی ہو گئیں۔

واقعے میں گاڑی میں موجود دونوں کمسن بچیاں محفوظ رہیں۔ زخمی خاتون کو فوری طور پر کوئٹہ کے صوبائی سنڈیمن اسپتال کے ٹراما سینٹر منتقل کر دیا گیا ہے جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔

دوسری جانب کراچی موبائل اینڈ الیکٹرانکس ڈیلرز ایسوسی ایشن نے واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے ملزمان کی فوری گرفتاری کا مطالبہ کیا ہے۔

مقتول علی جمیل کی نماز جنازہ آج طارق روڈ کی رحمانیہ مسجد میں ادا کی جائے گی۔