وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کے نوٹس پر غیر ملکی خواتین بازیاب

صرف دو گھنٹوں کے اندر دونوں غیر ملکی خواتین کو بازیاب کرا لیا گیا اور چار ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا۔ مقدمہ تھانہ ڈیفنس سی میں درج کر لیا گیا ہے۔

July 2, 2026 · جرم وسزا

لاہور میں پولیس نے اغواء کی واردات میں فوری کارروائی کرتے ہوئے ہالینڈ اور وینزویلا سے تعلق رکھنے والی دو غیر ملکی خواتین کو بحفاظت بازیاب کرا لیا، جبکہ واقعے میں ملوث چار ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا۔

پولیس کے مطابق دونوں خواتین اپنے دوستوں سے ملاقات کے لیے پاکستان آئی تھیں۔ ہالینڈ میں موجود ایک خاتون کے والد نے ایمرجنسی 15 پر کال کرکے بیٹی کے اغواء کی اطلاع دی، جس کے بعد پولیس نے فوری کارروائی کا آغاز کیا۔

حکام کا کہنا ہے کہ صرف دو گھنٹوں کے اندر دونوں غیر ملکی خواتین کو بازیاب کرا لیا گیا اور چار ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا۔ مقدمہ تھانہ ڈیفنس سی میں درج کر لیا گیا ہے۔

ایف آئی آر کے مطابق ملزمان نے مبینہ طور پر خواتین کو اغواء کرنے کے بعد ڈیڑھ ملین امریکی ڈالر تاوان کا مطالبہ کیا، جبکہ ان پر زیادتی کے الزامات بھی عائد کیے گئے ہیں۔

پولیس کے مطابق متاثرہ خواتین کا طبی معائنہ جاری ہے، جبکہ واقعے کے دیگر پہلوؤں کی تحقیقات اور مزید ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔