صحافی محسن بیگ کیس میں سابق ڈائریکٹرایف آئی اےکی تنزلی کاحکم نامہ جاری

محکمانہ سزا کے خلاف 30 دن کے اندر متعلقہ فورم پر اپیل دائر کرنے کا حق حاصل ہے

July 2, 2026 · قومی

فائل فوٹو

 

سینئر صحافی محسن بیگ کیس میں اختیارات کے ناجائز استعمال پر سابق ڈائریکٹرایف آئی اے بابر بخت قریشی کی 3 سال کے لیے نچلے عہدے پرتعیناتی اور تنخواہ کے اسکیل پر تنزلی کانوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا۔

نوٹیفکیشن کے مطابق انہیں تین (03) سال کی مدت کے لیے ان کے اصل یا باقاعدہ عہدے سے نچلے رینک اور پے اسکیل پر بھیج دیا گیا ہے۔ ان پر بطور ڈائریکٹر ایف آئی اے سائبر کرائم ونگ، صحافی محسن بیگ کے گھر پر چھاپے کے دوران اختیارات کا ناجائز استعمال کرنے اور ہاتھ اٹھانے (تھپڑ مارنے) کے الزامات ثابت ہوئے تھے۔

قانون کے مطابق،گریڈ 20 کے پولیس افسر بابر بخت قریشی کو اس محکمانہ سزا کے خلاف 30 دن کے اندر متعلقہ فورم پر اپیل دائر کرنے کا حق حاصل ہے۔

وزیر اعظم پاکستان کی حتمی منظوری کے بعد اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے بابر بخت قریشی کو سول سرونٹس (ایفیشنسی اینڈ ڈسپلن) رولز 2020 کے تحت میجر پینلٹی سنائی تھی۔

تحریک انصاف کی حکومت کے دوران ،فروری 2022 میں اس وقت کے وفاقی وزیر مراد سعید کی شکایت پر ایف آئی اے سائبر کرائم ونگ نے اسلام آباد میںمحسن بیگ کے گھر پر چھاپہ مار کر انہیں گرفتار کیا تھا۔ اس کارروائی کے دوران قواعد و ضوابط کی سنگین خلاف ورزی اور تشدد پر اسلام آباد ہائی کورٹ نے بھی سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے افسران کو شوکاز نوٹسز جاری کیے تھے، جس کی طویل انکوائری مکمل ہونے کے بعد یہ فیصلہ سامنے آیا ہے۔