قطر کے سابق امیر شیخ حمد بن خلیفہ آل ثانی 74 برس کی عمر میں انتقال کر گئے

وزیراعظم شہباز شریف اور اسحاق ڈار کا سابق امیر قطر کے انتقال پر اظہارِ افسوس

July 12, 2026 · بام دنیا

قطر کے سابق امیر شیخ حمد بن خلیفہ آل ثانی 74 برس کی عمر میں انتقال کر گئے۔ امیری دیوان نے ان کی وفات کی تصدیق کرتے ہوئے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

امیری دیوان کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ اللہ تعالیٰ کی رضا پر کامل ایمان کے ساتھ قوم اس عظیم نقصان پر سوگوار ہے، جبکہ مرحوم کے لیے مغفرت اور درجات کی بلندی کی دعا بھی کی گئی۔

شیخ حمد بن خلیفہ آل ثانی نے 1995 سے 2013 تک قطر کے امیر کی حیثیت سے خدمات انجام دیں۔ ان کے دورِ حکومت میں قطر نے معاشی، سفارتی اور عالمی سطح پر نمایاں ترقی کی، جبکہ 2013 میں انہوں نے اقتدار اپنے صاحبزادے اور موجودہ امیر شیخ تمیم بن حمد آل ثانی کے حوالے کر دیا تھا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے سابق امیر قطر کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے انہیں ایک مدبر اور عظیم رہنما قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ شیخ حمد کی دوراندیش قیادت نے قطر کو جدید اور خوشحال ریاست بنانے میں اہم کردار ادا کیا، جبکہ عوامی فلاح، علاقائی امن اور ترقی کے لیے ان کی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔

وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے بھی سابق امیر قطر کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ شیخ حمد بن خلیفہ آل ثانی نے پاکستان اور قطر کے درمیان دوستانہ تعلقات کے فروغ میں نمایاں کردار ادا کیا، اور خطے کے امن و استحکام کے لیے ان کی خدمات کو ہمیشہ قدر کی نگاہ سے دیکھا جائے۔