عمان کے صوبہ مسندم میں ڈرون حملے، حکومت کی شدید مذمت
ایران کا دقم بندرگاہ پر امریکی تنصیبات کو نشانہ بنانے کا دعویٰ
عمان کی سرکاری خبر رساں ایجنسی (او این اے) کے مطابق حکومت نے ملک میں ہونے والے ڈرون حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ صوبہ مسندم میں متعدد مقامات کو ڈرونز کے ذریعے نشانہ بنایا گیا۔
عمانی سیکیورٹی ذرائع کے مطابق مسندم، جو آبنائے ہرمز کے دہانے پر واقع ایک اہم پہاڑی علاقہ ہے اور متحدہ عرب امارات سے متصل ہے، حملوں کی زد میں آیا۔
او این اے کے مطابق عمانی حکومت نے کہا ہے کہ ملک اور اس کے شہریوں کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے جا رہے ہیں اور صورتحال پر مسلسل نظر رکھی جا رہی ہے۔
دوسری جانب ایران کی پاسدارانِ انقلاب نے اس سے قبل دعویٰ کیا تھا کہ اس نے عمان کے صوبہ الوسطیٰ میں واقع دقم بندرگاہ پر امریکی طیارہ بردار بحری جہازوں کے لیے استعمال ہونے والے لاجسٹک سپورٹ مراکز اور ایندھن فراہم کرنے والے پلیٹ فارمز پر “بھاری اور اچانک” حملہ کیا ہے۔ تاہم عمانی حکومت نے اپنی جانب سے صرف مسندم میں ڈرون حملوں کی تصدیق کی ہے۔