عمان میں امریکی شہریوں کے لیے اہم سفری ہدایات جاری
سفارت خانے کے مطابق حالیہ سیکیورٹی صورتحال کے پیش نظر ان علاقوں کے لیے حفاظتی رہنما اصول بھی جاری کیے گئے ہیں۔
امریکہ نے خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے تناظر میں عمان میں موجود اپنے شہریوں کے لیے نئی سفری ایڈوائزری جاری کر دی ہے، جس میں بعض علاقوں سے دور رہنے اور حالات محفوظ ہونے کی صورت میں کمرشل پروازوں کے ذریعے واپسی پر غور کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔
مسقط میں امریکی سفارت خانے کی جانب سے جاری بیان میں امریکی شہریوں کو دقم اور مسندم کے علاقوں کا غیر ضروری سفر کرنے سے گریز کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ سفارت خانے کے مطابق حالیہ سیکیورٹی صورتحال کے پیش نظر ان علاقوں کے لیے حفاظتی رہنما اصول بھی جاری کیے گئے ہیں۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ اگر امریکی شہری خود کو محفوظ محسوس کرتے ہیں تو وہ دستیاب کمرشل پروازوں کے ذریعے عمان سے روانگی پر سنجیدگی سے غور کریں۔
امریکی سفارت خانے کے مطابق ایران سے جغرافیائی قربت اور دقم کے علاقے میں حالیہ سرگرمیوں کے باعث امریکی حکومت کے اہلکاروں کے لیے دقم اور مسندم کے سفر پر عائد پابندیاں بدستور برقرار ہیں۔
سفارت خانے نے امریکی شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ مقامی حکام کی ہدایات پر عمل کریں، صورتحال پر مسلسل نظر رکھیں اور تازہ معلومات کے لیے سرکاری ذرائع سے رابطے میں رہیں۔