غزہ : اسرائیلی ڈرون حملے میں 4 فلسطینی جاں بحق ، متعدد زخمی
ڈرون سے لوہار کی دکان پر متعدد میزائل داغے گئے،وہاں موجود لوگ ملبے تلے دب گئے ، عینی شاہدین
فائل فوٹو
غزہ سٹی کے جنوب مغربی علاقے میں اسرائیلی ڈرون حملے کے نتیجے میں 4 فلسطینی جاں بحق اور متعدد زخمی ہو گئے۔
فلسطینی خبر رساں ادارے ‘وفا’ کے مطابق، اسرائیلی بغیر پائلٹ کے طیارے (ڈرون) نے غزہ سٹی کے جنوب مغرب میں واقع الصناعہ اسٹریٹ پر ایک لوہار کی دکان (میٹل ورکشاپ) کو نشانہ بنایا۔ عینی شاہدین اور سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ ڈرون سے دکان پر متعدد میزائل داغے گئے، جس سے وہاں موجود لوگ ملبے تلے دب گئے اور شدید مالی نقصان بھی ہوا۔
واضح رہے کہ 10 اکتوبر 2025 کو اسرائیل اور حماس کے درمیان طے پانے والے جنگ بندی معاہدے کے باوجود غزہ میں خونی حملوں کا سلسلہ تھم نہیں سکا ہے۔ اس نام نہاد جنگ بندی کے نفاذ سے اب تک 1,098 سے زائد فلسطینی اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں۔
7 اکتوبر 2023 سے جاری اس ہولناک جارحیت میں اب تک مجموعی طور پر کم از کم 73,221 فلسطینی جاں بحق اور 173,643 سے زائد زخمی ہو چکے ہیں، جن میں اکثریت خواتین اور بچوں کی ہے۔