ایران کے جنوبی علاقوں میں زور دار دھماکے۔ بندر عباس سمیت کئی شہروں میں خوف و ہراس
بندر عباس، قشم اور جاسک میں دھماکوں کی گونج، ایران میں نئے امریکی حملے
ایران کے جنوبی ساحلی علاقوں میں متعدد زور دار دھماکوں کی آوازیں سنی گئی ہیں، جن کے بعد خطے میں کشیدگی مزید بڑھ گئی ہے۔
ایرانی میڈیا کے مطابق بندر عباس کے مغربی علاقوں، سیریک، جزیرہ قشم اور جاسک میں یکے بعد دیگرے کئی دھماکوں کی آوازیں سنائی دیں، تاہم فوری طور پر ان دھماکوں سے ہونے والے نقصانات کی تفصیلات سامنے نہیں آئیں۔
صوبہ ہرمزگان کے گورنر نے بتایا کہ نئے امریکی حملوں کے باوجود اب تک کسی شہری کے جاں بحق ہونے یا زخمی ہونے کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔ انہوں نے مزید کہا کہ رہائشی یا تجارتی تنصیبات کو بھی کسی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔
ادھر امریکی سینٹرل کمانڈ (سینٹ کام) نے ایران کے خلاف مزید حملوں کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کارروائیوں کا مقصد آبنائے ہرمز سے گزرنے والے شہری اور تجارتی بحری جہازوں کو نشانہ بنانے کی ایرانی صلاحیت کو کمزور کرنا ہے۔
سینٹ کام کے مطابق یہ کارروائیاں امریکی کمانڈر اِن چیف کی ہدایات پر کی جا رہی ہیں تاکہ ایران کو اپنی عسکری سرگرمیوں پر جواب دہ بنایا جا سکے۔