ایران کی امریکی حملوں کی شدید مذمت،سفارتی کوششیں سبوتاژ کرنے کا الزام
واشنگٹن نے آبنائے ہرمز کے معاملات میں مداخلت کی، ایرانی وزارت خارجہ
ایران نے اپنی سرزمین پر امریکہ کے تازہ حملوں کی سخت مذمت کرتے ہوئے انہیں سفارتی عمل کو نقصان پہنچانے کی کوشش قرار دیا ہے۔
ایرانی وزارت خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ امریکی حملوں نے گزشتہ چند ماہ کے دوران جاری سفارتی کوششوں کو عملی طور پر بے اثر کر دیا ہے۔
بیان کے مطابق امریکہ نے آبنائے ہرمز سے متعلق ایران کے انتظامی اقدامات میں کھلی مداخلت کی، جس کے نتیجے میں خطے میں ایک بار پھر عدم استحکام پیدا ہوا اور بین الاقوامی تجارتی جہاز رانی بھی متاثر ہوئی۔
وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ ہفتے کے روز عمان کے دارالحکومت مسقط میں ہونے والے مذاکرات کا مرکزی موضوع آبنائے ہرمز کا انتظام تھا، تاہم امریکا نے عمان پر دباؤ ڈال کر مذاکرات کو کسی نتیجے تک پہنچنے سے روک دیا۔