برطانیہ میں تبلیغی جماعت کا اجتماع سیکیورٹی خدشات کے باعث قبل از وقت ختم
اجتماع 10 سے 12 جولائی تک جاری رہنا تھا، تاہم ممکنہ احتجاج اور امن و امان کی صورتحال کے پیش نظر اسے قبل از وقت اختتام دینے کا فیصلہ کیا گیا۔
برطانیہ کی سفولک کاؤنٹی میں منعقد ہونے والا تبلیغی جماعت کا سالانہ اجتماع ممکنہ سیکیورٹی خطرے کے باعث مقررہ وقت سے پہلے ختم کر دیا گیا، جبکہ پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔
منتظمین کے مطابق اجتماع 10 سے 12 جولائی تک جاری رہنا تھا، تاہم ممکنہ احتجاج اور امن و امان کی صورتحال کے پیش نظر اسے قبل از وقت اختتام دینے کا فیصلہ کیا گیا۔
پولیس کے مطابق ایپسوچ کے قریب شروبلینڈ ہال، برہم میں جاری اجتماع کے حوالے سے ایک ممکنہ خطرے کی اطلاع موصول ہوئی، جس کے بعد منتظمین کے ساتھ مشاورت کے بعد احتیاطی اقدام کے طور پر تقریب کو قبل از وقت ختم کر دیا گیا۔
اجتماع کے منتظمین نے اپنے بیان میں کہا کہ پولیس کی جانب سے ایسی انٹیلی جنس فراہم کی گئی تھی جس میں علاقے میں آنے والے بعض افراد کی جانب سے ممکنہ بدامنی کا خدشہ ظاہر کیا گیا تھا۔ عوامی تحفظ کو مدنظر رکھتے ہوئے پولیس کے مشورے پر فوری عمل کیا گیا اور شرکاء کی محفوظ اور منظم روانگی یقینی بنائی گئی۔
Police have closed the site of a planned Tablighi Jamaat gathering near Ipswich UK over safety concerns pic.twitter.com/NSpcU75g65
— Murtaza Ali Shah (@MurtazaViews) July 12, 2026
منتظمین کا کہنا تھا کہ اجتماع میں شریک افراد، مقامی رہائشیوں اور وسیع تر کمیونٹی کی سلامتی ہمیشہ ان کی اولین ترجیح رہی ہے، اسی لیے احتیاطی فیصلے میں مکمل تعاون کیا گیا۔
دوسری جانب سفولک پولیس کے ترجمان نے کہا کہ اجتماع کو قبل از وقت ختم کرنے کا فیصلہ صرف احتیاطی تدبیر کے طور پر کیا گیا اور اس وقت عوام کے لیے کسی بڑے خطرے کی نشاندہی نہیں ہوئی۔ پولیس کے مطابق موصول ہونے والے ممکنہ خطرے کی نوعیت جاننے کے لیے تحقیقات جاری ہیں۔