آبنائے ہرمز کے حقیقی محافظ ہم ہیں،ایرانی وزیر خارجہ

ٹرمپ کا مجوزہ 20 فیصد ٹیکس بہت زیادہ ہے، ہم مناسب فیس لیں گے۔ ایکس پر بیان

July 14, 2026 · بام دنیا
فائل فوٹو

فائل فوٹو

تہران :ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے اس بیان پر طنز کیا ہے جس میں انہوں نے آبنائے ہرمز کو محفوظ بنانے کے بدلے وہاں سے گزرنے والے تجارتی جہازوں پر 20 فیصد فیس عائد کرنے کا اعلان کیا تھا۔ ایرانی وزیر خارجہ نے واضح کیا کہ آبنائے ہرمز کا اصل محافظ ایران ہے اور وہ ہمیشہ اس کا محافظ رہے گا۔

سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس (سابقہ ٹویٹر) پر اپنے ایک بیان میں ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے صدر ٹرمپ کے بیان پر طنزیہ انداز اپناتے ہوئے لکھا کہ امریکی صدر  بالکل ٹھیک کہہ رہے ہیں۔ جو کوئی بھی آبنائے ہرمز کے ذریعے تجارتی جہازوں کی محفوظ اور باسہولت آمد و رفت کو یقینی بناتا ہے، اسے اس سروس کا معاوضہ ملنا چاہیے۔

انہوں نے مزید کہا کہ لیکن ایران ہمیشہ سے اس آبنائے کا حقیقی محافظ رہا ہے اور ہمیشہ رہے گا۔ 20 فیصد فیس یقیناً بہت زیادہ ہے۔ ہم اس معاملے میں انتہائی منصفانہ رویہ اپنائیں گے اور مناسب فیس لیں گے۔

یہ تنازع اس وقت شروع ہوا جب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ‘ٹروتھ سوشل’ پر ایک پوسٹ میں دعویٰ کیا کہ اب سے امریکہ کو ‘آبنائے ہرمز کا محافظ’ مانا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اس انتہائی حساس اور اہم بحری تجارتی راستے کو سیکیورٹی فراہم کرنے کے اخراجات پورے کرنے کے لیے وہاں سے گزرنے والے ہر قسم کے سامانِ تجارت (کارگو) پر 20 فیصد فیس وصول کی جائے گی۔