ایران کو بڑی حد تک پتھر کے دور میں پہنچا دیا۔ ٹرمپ کا دعویٰ
ایران کے بحری جہاز، طیارے، ریڈار، فضائی دفاع اور اسلحہ سازی کی صلاحیت کو شدیدنقصان پہنچا
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا ہے کہ امریکی حملوں کے نتیجے میں ایران کو “بڑی حد تک پتھر کے دور” میں واپس دھکیل دیا گیا ہے اور اس کی فوجی طاقت کو شدید نقصان پہنچا ہے۔
امریکی نشریاتی ادارے نیوز میکس سے گفتگو کرتے ہوئے ٹرمپ نے کہا کہ “ایران کی طاقت بڑی حد تک چھین لی گئی ہے۔” ان کا دعویٰ تھا کہ ایران کے 159 بحری جہاز سمندر میں تباہ ہو چکے ہیں۔
ٹرمپ نے مزید دعویٰ کیا کہ ایران کے 200 جنگی طیارے بھی ختم ہو چکے ہیں، جبکہ اس کے ریڈار سسٹمز، فضائی دفاعی نظام اور اسلحہ سازی کی صلاحیت کا تقریباً 84 فیصد حصہ تباہ کر دیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ “ایران آج سے چار ماہ پہلے والا ملک نہیں رہا۔ ہم نے صرف چار ماہ میں اسے بڑی حد تک پتھر کے دور میں واپس پہنچا دیا ہے۔
امریکی صدر نے مزید کہا کہ اگرچہ ایران کے پاس اب بھی کچھ میزائل اور محدود فوجی صلاحیت موجود ہے، تاہم اس کی مجموعی عسکری قوت کو نمایاں حد تک کمزور کر دیا گیا ہے۔
ٹرمپ نے اپنی گفتگو کے اختتام پر کہا کہ “ایران مشرقِ وسطیٰ کا غنڈہ تھا، لیکن وہ مجھے دھونس نہیں دکھا سکتا تھا۔
ٹرمپ کے ان دعوؤں کی کسی آزاد یا غیر جانب دار ذریعے سے فوری طور پر تصدیق نہیں ہو سکی۔