ایران نے دو آئل ٹینکروں پر حملے کی ذمہ داری قبول کر لی

متعلقہ جہاز امریکی اشتعال انگیزی کے نتیجے میں متبادل بحری راستے پر گامزن ہوئے اور سیکیورٹی اداروں کی جانب سے جاری کی گئی وارننگز کو نظر انداز کیا۔

July 14, 2026 · بام دنیا

آبنائے ہرمز میں کشیدگی ایک بار پھر بڑھ گئی ہے، جہاں ایران کی پاسدارانِ انقلاب کی بحریہ نے دعویٰ کیا ہے کہ دو سپر آئل ٹینکروں کو کارروائی کے دوران نشانہ بنایا گیا۔

ایرانی سرکاری میڈیا کے مطابق پاسدارانِ انقلاب کا کہنا ہے کہ دونوں جہاز متعدد انتباہات کے باوجود اپنی سمت تبدیل کرنے کے بجائے مبینہ طور پر بارودی سرنگوں والے راستے میں داخل ہوئے، جس کے بعد انہیں غیر فعال کرنے کے لیے کارروائی کی گئی۔

ایرانی حکام کا مؤقف ہے کہ متعلقہ جہاز امریکی اشتعال انگیزی کے نتیجے میں متبادل بحری راستے پر گامزن ہوئے اور سیکیورٹی اداروں کی جانب سے جاری کی گئی وارننگز کو نظر انداز کیا۔

دوسری جانب متحدہ عرب امارات پہلے ہی اعلان کر چکا ہے کہ آبنائے ہرمز میں اس کے دو تجارتی جہاز حملے کا نشانہ بنے، جس کے نتیجے میں ایک عملے کا رکن ہلاک اور متعدد افراد زخمی ہوئے۔ امارات نے اس حملے کی ذمہ داری ایران پر عائد کی ہے، تاہم ایران کی جانب سے اس حوالے سے مختلف مؤقف سامنے آیا ہے۔

آبنائے ہرمز عالمی تجارت اور توانائی کی ترسیل کے لیے انتہائی اہم بحری گزرگاہ سمجھی جاتی ہے، جہاں سے دنیا کے خام تیل اور قدرتی گیس کا بڑا حصہ گزرتا ہے۔ تازہ صورتحال کے بعد عالمی توانائی کی منڈی اور بین الاقوامی بحری نقل و حمل سے متعلق خدشات میں اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔

اس واقعے سے متعلق مختلف فریقین کے دعووں کی آزاد ذرائع سے فوری طور پر مکمل تصدیق نہیں ہو سکی۔