لاہور میں خربوزے چوری کے تنازع پر شہری قتل، مرکزی ملزم سمیت 5 افراد گرفتار
مقتول کی لاش قانونی کارروائی اور پوسٹ مارٹم کے لیے مردہ خانے منتقل کر دی گئی۔ فرانزک ٹیم نے بھی موقع سے شواہد اکٹھے کیے۔
لاہور کے علاقے ہڈیارہ میں مبینہ طور پر پرانی دشمنی کے باعث ایک شہری کو تیز دھار آلے کے وار کر کے قتل کر دیا گیا۔ پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے مرکزی ملزم سمیت پانچ افراد کو گرفتار کر لیا ہے۔
پولیس کے مطابق اطلاع ملنے پر افسران اور نفری فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچے، جبکہ مقتول کی لاش قانونی کارروائی اور پوسٹ مارٹم کے لیے مردہ خانے منتقل کر دی گئی۔ فرانزک ٹیم نے بھی موقع سے شواہد اکٹھے کیے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ابتدائی تحقیقات کے مطابق مقتول نے تقریباً دو ماہ قبل اپنے کھیت میں چند افراد کو خربوزے چوری کرتے ہوئے پکڑا تھا، جس کے بعد دونوں فریقوں کے درمیان رنجش پیدا ہو گئی۔ اسی تنازع کو قتل کی ممکنہ وجہ قرار دیا جا رہا ہے۔
حکام کے مطابق مقتول کے لواحقین کی درخواست پر نامزد اور نامعلوم ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے، جبکہ گرفتار افراد کو مزید تفتیش کے لیے تحقیقاتی حکام کے حوالے کر دیا گیا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے میں ملوث دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لیے بھی کارروائیاں جاری ہیں اور قانون ہاتھ میں لینے والوں کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔