کامرہ کے قریب ٹریفک حادثے میں موٹروے پولیس کاسب انسپکٹر جاں بحق

جی ٹی روڈ پر ڈمپر کی ٹکر، افسر جاں بحق، ڈرائیور فرار، ہیلپر گرفتار

July 15, 2026 · قومی

فائل فوٹو

راولپنڈی میں جی ٹی روڈ کامرہ کے قریب ٹریفک حادثے میں نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس کے سب انسپکٹر جاوید اکبر شہید ہوگئے۔

یہ افسوسناک واقعہ اس وقت پیش آیا جب سب انسپکٹر جاوید اکبر جی ٹی روڈ کامرہ کے قریب اپنی ڈیوٹی سرانجام دے رہے تھے، اس دوران ایک تیز رفتار ڈمپر نے لاپرواہی اور غفلت کا مظاہرہ کرتے ہوئے انہیں کچل دیا۔

حادثے کے فوراً بعد شدید زخمی افسر کو طبی امداد کے لیے تحصیل ہیڈ کوارٹر اسپتال حضرو منتقل کیا گیا، جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسے۔

حادثے کے بعد ڈمپر کا ڈرائیور موقع سے فرار ہوگیا، تاہم پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ڈمپر کے ہیلپر کو حراست میں لے لیا جبکہ مفرور ڈرائیور کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

شہید سب انسپکٹر جاوید اکبر کا تعلق خیبر پختونخوا کے ضلع مردان سے تھا، انہوں نے پسماندگان میں سوگوار بیوہ اور پانچ بچے چھوڑے ہیں۔

انسپکٹر جنرل نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس سلطان احمد چوہدری نے واقعے پر گہرے دکھ اور رنج کا اظہار کرتے ہوئے شہید افسر کی مغفرت اور لواحقین کے لیے صبر جمیل کی دعا کی۔

انہوں نے کہا کہ مفرور ملزم کو جلد از جلد گرفتار کرکے قانون کے مطابق سخت ترین سزا دلوائی جائے گی۔