لنڈی کوتل ٹرانزٹ کیمپ سے 2,117 غیر قانونی افغان باشندے ڈیپورٹ
طورخم بارڈر کے راستے افغان شہریوں کی وطن واپسی کا عمل جاری
فائل فوٹو
لنڈی کوتل ٹرانزٹ کیمپ سے 2,117 غیر قانونی افغان باشندوں کو طورخم بارڈر کے راستے افغانستان ڈیپورٹ کر دیا گیا۔
غیر قانونی طور پر مقیم افغان مہاجرین کی باعزت وطن واپسی کا سلسلہ جاری ہے۔ حکام کے مطابق آج حمزہ بابا ٹرانزٹ کیمپ سے 2,117 غیر قانونی افغان باشندوں کو وطن واپس بھیجا گیا۔
ڈپٹی کمشنر خیبر کی ہدایات پر اسسٹنٹ کمشنر لنڈی کوتل انعام اللہ وزیر نے حمزہ بابا ٹرانزٹ کیمپ کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے نادرا، پی ڈی ایم اے اور دیگر متعلقہ محکموں کے حکام کے ہمراہ غیر قانونی افغان باشندوں کی رجسٹریشن، وطن واپسی کے انتظامات، کیمپ میں دستیاب سہولیات اور مختلف محکموں کے عملے کی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا۔
دورے کے دوران اسسٹنٹ کمشنر نے کیمپ میں موجود افغان شہریوں سے ملاقات کی اور انہیں فراہم کی جانے والی سہولیات کے بارے میں دریافت کیا۔ افغان باشندوں نے انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا، جس پر اسسٹنٹ کمشنر نے متعلقہ عملے کو خدمات کے معیار کو مزید بہتر بنانے اور تمام سہولیات کی بروقت فراہمی یقینی بنانے کی ہدایات جاری کیں۔
حکام کے مطابق رجسٹریشن کے عمل کو تیز کرنے اور بڑھتے ہوئے رش سے مؤثر انداز میں نمٹنے کے لیے نادرا کے اضافی عملے کو تعینات کیا گیا ہے تاکہ وطن واپسی کا عمل بلا تعطل جاری رہے۔
بعد ازاں اسسٹنٹ کمشنر نے طورخم زیرو پوائنٹ کا بھی دورہ کیا، جہاں انہوں نے رجسٹرڈ غیر قانونی افغان باشندوں کی ڈیپورٹیشن کے عمل کی نگرانی کی۔
اس موقع پر انہوں نے واپس جانے والے افغان شہریوں سے بھی ملاقات کی، جنہوں نے انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔