کراچی میں 13سالہ لڑکا پراسرار طور پرجاں بحق،لاش گھر کے باہرسے ملی
پپری سندھی گوٹھ واقعہ، پولیس نے تحقیقات شروع، موت کی وجہ پوسٹ مارٹم سے واضح ہوگی
فائل فوٹو
پپری سندھی گوٹھ فٹبال گراؤنڈ کے قریب گھر کے باہر سے 13 سالہ لڑکے کی لاش ملی ہے، جو پراسرار طور پر ہلاک ہوا۔
تفصیلات کے مطابق جمعرات کی علی الصبح بن قاسم ٹاؤن تھانے کی حدود میں پپری سندھی گوٹھ فٹبال گراؤنڈ کے قریب گھر کے باہر سے لڑکے کی لاش ملی۔ لاش کو پہلے گلشن حدید میں واقع الخدمت اسپتال اور بعد ازاں جناح اسپتال منتقل کیا گیا۔
ایس ایچ او بن قاسم ٹاؤن فیصل رفیق کے مطابق لڑکے کی شناخت 13 سالہ صابر ولد طالب کے نام سے ہوئی ہے۔ متوفی بدھ کی شب گھر والوں کے ساتھ شادی کی تقریب میں گیا تھا، تاہم رات گئے گھر والے واپس آئے لیکن لڑکا واپس نہیں آیا۔
پولیس کے مطابق صبح لڑکا گھر کے باہر مردہ حالت میں ملا۔ایس ایچ او بن قاسم ٹاؤن نے بتایا کہ شبہ ہے کہ لڑکے کی موت زہریلا مواد کھانے کے باعث ہوئی، تاہم موت کی حتمی وجہ پوسٹ مارٹم رپورٹ کے بعد سامنے آئے گی۔
پولیس نے مزید تحقیقات شروع کر دی ہیں۔
دوسری جانب اطلاعات کے مطابق متوفی لڑکے کے اہلخانہ بغیر پوسٹ مارٹم کے لاش اپنے ہمراہ اسپتال سے لے کر روانہ ہوگئے۔