کراچی میں واٹرٹینکر کی ٹکرسے 20 سالہ موٹرسائیکل سوارجاں بحق
سائٹ ایریا حبیب چورنگی کے قریب واٹر ٹینکر کی ٹکر سے نوجوان ہلاک
فائل فوٹو
شہر قائد میں ہیوی ٹریفک کے خونی حادثات کا سلسلہ جاری ہے، ایک اور نوجوان واٹرٹینکر کی ٹکر سے جاں بحق ہوگیا۔
کراچی کے صنعتی علاقے سائٹ ایریا میں حبیب چورنگی کے قریب واٹر ٹینکر کے باعث حادثہ پیش آیا، جس میں موٹرسائیکل سوار ٹینکر کی زد میں آکر کچلا گیا۔
ریسکیو حکام کے مطابق حادثے میں جاں بحق ہونے والے نوجوان کی لاش ضابطے کی کارروائی کے لیے عباسی شہید اسپتال منتقل کی گئی۔
حکام نے بتایا کہ متوفی کی شناخت 20 سالہ توصیف کے نام سے ہوئی، جبکہ اہلخانہ کو حادثے سے متعلق اطلاع دے دی گئی ہے۔
اعداد و شمار کے مطابق کراچی میں رواں سال یکم جولائی تک ٹریفک حادثات میں مجموعی طور پر 480 شہری جاں بحق جبکہ 5 ہزار 747 زخمی ہوئے۔
ریسکیو حکام کی جانب سے جاری اعداد و شمار کے مطابق رواں سال ٹریفک حادثات میں 369 مرد، 55 خواتین، 43 بچے اور 13 بچیاں جاں بحق ہوئیں، جبکہ 4 ہزار 358 مرد، تقریباً ایک ہزار خواتین، 290 بچے اور 98 بچیاں زخمی ہوئیں۔
چھیپا فاؤنڈیشن کے اعلامیے کے مطابق یکم جنوری 2026 سے یکم جولائی 2026 تک ہیوی گاڑیوں سے پیش آنے والے جان لیوا حادثات میں مجموعی طور پر 154 افراد جاں بحق ہوئے۔
اعلامیے کے مطابق سب سے زیادہ 73 حادثات ٹریلر کی ٹکر سے پیش آئے، واٹر ٹینکر کی ٹکر سے 41 افراد جاں بحق ہوئے۔ اس کے علاوہ بس کی ٹکر سے 17، مزدا کی ٹکر سے 15 اور ڈمپر کی ٹکر سے 8 افراد جان کی بازی ہار گئے۔
دوسری جانب کراچی ٹریفک پولیس اور سندھ حکومت کی جانب سے متعدد بار دعویٰ کیا جا چکا ہے کہ شہر میں آن لائن چالان سسٹم اور کیمروں کی تنصیب کے بعد ٹریفک حادثات میں کمی واقع ہوئی ہے۔