کراچی:بوری بند لاش کیس میں سگی چچی ملوث نکلی
گزشتہ ماہ 23 جون کو تین سالہ کلثوم کی بوری بند لاش اس کے گھر کے قریب سے برآمد ہوئی تھی
کراچی: لانڈھی کے علاقے قائد آباد میں تین سالہ بچی کے اغوا اور قتل کے کیس میں پولیس نے اہم پیش رفت کرتے ہوئے مقتولہ کی سگی چچی اور اس کے بھائی کو گرفتار کر لیا ہے۔
ڈسٹرکٹ ملیر انویسٹی گیشن پولیس کے مطابق گزشتہ ماہ 23 جون کو تین سالہ کلثوم کی بوری بند لاش اس کے گھر کے قریب سے برآمد ہوئی تھی، جس کے بعد پولیس نے واقعے کی مختلف پہلوؤں سے تحقیقات کا آغاز کیا۔
ایس ایس پی انویسٹی گیشن ملیر بشیر کنہور کے مطابق تفتیش کے دوران متعدد افراد سے پوچھ گچھ کی گئی، جبکہ پچاس سے زائد مشتبہ افراد کے ڈی این اے نمونے بھی حاصل کیے گئے۔ جدید تفتیشی عمل کے بعد پولیس نے مقتولہ کی سگی چچی سکینہ اور اس کے بھائی نادر کو گرفتار کر لیا۔
پولیس کے مطابق گرفتار ملزم نادر نے ابتدائی بیان میں دعویٰ کیا ہے کہ قتل کا ارتکاب اس کی بہن سکینہ نے کیا، جبکہ اس نے صرف لاش کو گھر کے باہر منتقل کرنے میں مدد کی۔
تحقیقات کے مطابق مقتولہ کے والد اور ملزمہ کے خاندان کے درمیان قریبی رشتہ داری ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ابتدائی طور پر واقعے کی وجہ خاندانی تنازع معلوم ہوتی ہے، تاہم اصل محرکات جاننے کے لیے گرفتار ملزمان سے مزید تفتیش جاری ہے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ کیس کے تمام شواہد اور تفتیشی پہلوؤں کا جائزہ لینے کے بعد مقدمے کو منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا، جبکہ عدالت میں مضبوط چالان پیش کرنے کے لیے مزید قانونی کارروائی بھی جاری ہے.