غزہ پر اسرائیلی حملے جاری۔ مزید 11 فلسطینی شہید
غزہ سٹی میں ایک ہی خاندان کے پانچ افراد جاں بحق، جنگ بندی کے بعد شہدا کی تعداد 1,150 سے تجاوز کر گئی
غزہ میں اسرائیلی فوج کی کارروائیاں مسلسل جاری ہیں، جہاں ہفتے کے روز مختلف علاقوں میں ہونے والے حملوں میں کم از کم 11 فلسطینی شہید ہوگئے۔
فلسطینی محکمہ صحت کے مطابق شہدا میں غزہ سٹی کے شمال مغربی علاقے میں ایک رہائشی اپارٹمنٹ پر اسرائیلی فضائی حملے میں جاں بحق ہونے والا پانچ افراد پر مشتمل ایک خاندان بھی شامل ہے۔ شہید ہونے والوں میں والدین اور ان کے تین بچے شامل تھے۔
غزہ کی سول ڈیفنس ایجنسی کے ترجمان محمود بصل کے مطابق خاندان کا صرف ایک بچہ زندہ بچا، جو حملے کے وقت گھر میں موجود نہیں تھا۔ انہوں نے بتایا کہ متاثرہ عمارت پر اچانک حملہ کیا گیا، جس کے نتیجے میں پورا خاندان ملبے تلے دب گیا۔
غزہ کے الشفا اسپتال نے بھی اس حملے میں جاں بحق ہونے والے پانچ افراد کی لاشیں وصول کرنے کی تصدیق کی ہے۔
دوسری جانب غزہ کی وزارت صحت کے اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ اکتوبر میں امریکہ کی ثالثی میں اسرائیل اور حماس کے درمیان جنگ بندی نافذ ہونے کے بعد سے اب تک اسرائیلی حملوں میں کم از کم 1,150 فلسطینی شہید ہو چکے ہیں۔