آبنائے ہرمز پر انحصار کم کرنے کیلئے عراق کا نیا آئل پائپ لائن منصوبہ

امریکی اور قطری کمپنیوں کے کنسورشیم کے ساتھ مفاہمتی یادداشت پر دستخط،نئی پائپ لائن کا امکان۔

July 19, 2026 · بام دنیا

عراق نے آبنائے ہرمز پر انحصار کم کرنے کے لیے ترکی اور شام تک نئی تیل پائپ لائن بچھانے کے منصوبے پر غور شروع کر دیا ہے۔

عراقی وزیر تیل باسم محمد خضیر نے واشنگٹن میں عراقی نیوز ایجنسی سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ حکومت بصرہ سے کرکوک اور وہاں سے ترکی کی بندرگاہ جیہان تک اسٹریٹجک آئل پائپ لائن تعمیر کرنے کے منصوبے کا تفصیلی جائزہ لے رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس منصوبے میں شام کے ساحلی شہر بانیاس تک پائپ لائن کی ایک شاخ بچھانے کی تجویز بھی شامل ہے۔

وزیر تیل کے مطابق وزارتِ تیل کی حکمت عملی کا مقصد عراقی خام تیل کی برآمد کے لیے مختلف راستے اختیار کرنا ہے تاکہ صرف آبنائے ہرمز پر انحصار نہ کرنا پڑے۔

انہوں نے بتایا کہ اس منصوبے کے سلسلے میں امریکی کمپنیوں شیورون اور ٹی ای کیپیٹل سمیت قطری کمپنی یو سی سی پر مشتمل ایک کنسورشیم کے ساتھ مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے جا چکے ہیں۔

باسم محمد خضیر نے کہا کہ شام کا ساحلی شہر بانیاس ملک کی اہم آئل ریفائنری اور بحیرہ روم کے ساحل پر واقع برآمدی ٹرمینل کا حامل ہے۔ ماضی میں کرکوک سے عراقی خام تیل اسی راستے کے ذریعے بانیاس پہنچایا جاتا تھا، تاہم کئی دہائیوں سے جاری جنگوں اور پابندیوں کے باعث یہ پائپ لائن بڑی حد تک غیر فعال ہو چکی ہے۔

واضح رہے کہ اوپیک کا دوسرا بڑا تیل پیدا کرنے والا ملک عراق کئی برسوں سے اپنی خام تیل کی برآمدات کے لیے بڑی حد تک آبنائے ہرمز پر انحصار کرتا رہا ہے۔