لندن میں اسرائیل مخالف ہزاروں افراد کا احتجاج۔غزہ میں جنگ بند کرنے کا مطالبہ

مظاہرین نے اسرائیل پر پابندیاں عائد کرنے اور فلسطینیوں پر حملے فوری روکنے کا مطالبہ کیا۔

July 19, 2026 · بام دنیا

برطانیہ کے دارالحکومت لندن میں جنگ مخالف تنظیموں کے اتحاد کی جانب سے اسرائیلی کارروائیوں کے خلاف بڑے پیمانے پر احتجاجی مظاہرہ کیا گیا، جس میں ہزاروں افراد نے شرکت کی۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق احتجاجی مارچ رسل اسکوائر سے شروع ہوا اور ڈاؤننگ اسٹریٹ کے باہر اختتام پذیر ہوا، جہاں مظاہرین نے فلسطینی عوام سے اظہارِ یکجہتی کرتے ہوئے غزہ میں فوری جنگ بندی کا مطالبہ کیا۔

شرکا نے کہا کہ وہ برطانیہ کے نئے وزیراعظم اینڈی برنہم کو یہ پیغام دینا چاہتے ہیں کہ اسرائیل کی فوجی کارروائیاں صرف غزہ تک محدود نہیں بلکہ ایران اور لبنان تک بھی پھیل چکی ہیں، جس پر عالمی برادری کو مؤثر کردار ادا کرنا چاہیے۔

مظاہرین نے برطانوی حکومت سے مطالبہ کیا کہ اسرائیل پر دباؤ بڑھانے کے لیے اقتصادی پابندیاں عائد کی جائیں اور فلسطینی شہریوں کے خلاف جاری کارروائیوں کو فوری طور پر روکنے کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں۔