اسرائیل نے غزہ سے ملحقہ علاقے کو بند فوجی زون قرار دے دیا
دائیں بازو کے آبادکاروں کے مارچ سے قبل فوج نے داخلی راستوں پر پابندیاں نافذکر دیں۔
اسرائیلی فوج نے غزہ کی پٹی سے ملحقہ وسیع علاقے کو آج صبح 8 بجے سے پیر کی صبح 8 بجے تک “بند فوجی زون” قرار دے دیا ہے، جہاں عام شہریوں کے داخلے پر پابندی عائد رہے گی۔
اسرائیلی اخبار ٹائمز آف اسرائیل کے مطابق یہ فیصلہ دائیں بازو کے آبادکار گروپ نحالا کے مجوزہ مارچ سے قبل کیا گیا، جو غزہ کے اندر دوبارہ اسرائیلی بستیاں قائم کرنے کی حمایت کرتا ہے۔
رپورٹ کے مطابق بند فوجی زون میں غزہ کے شمال میں یاد مردخائی سے لے کر مشرق میں روٹ 232 اور جنوب میں کرم شالوم تک کا پورا سرحدی علاقہ شامل ہے۔
اخبار نے ایک فوجی ذریعے کے حوالے سے بتایا کہ یہ پابندیاں اس خدشے کے پیش نظر نافذ کی گئی ہیں کہ آبادکار گروپ کے بعض ارکان غزہ کی پٹی میں غیر قانونی طور پر داخل ہونے کی کوشش کر سکتے ہیں، جس کے باعث سکیورٹی انتظامات مزید سخت کر دیے گئے ہیں۔