ایران حملہ کرے گا تو فوری جواب دیں گے، اسرائیل کا انتباہ

اسرائیل اپنی سلامتی کے دفاع کے لیے ہر ضروری اقدام اٹھانے کے لیے تیار ہے۔

July 19, 2026 · بام دنیا

تل ابیب: اسرائیلی حکام نے ایران کو خبردار کیا ہے کہ اگر اسرائیلی سرزمین کو نشانہ بنایا گیا تو اس کا فوری اور بھرپور جواب دیا جائے گا۔

اسرائیل کے وزیر دفاع اسرائیل کاٹز نے اپنے بیان میں کہا کہ ایران کی جانب سے کسی بھی حملے کی صورت میں اسرائیل بلا تاخیر جوابی کارروائی کرے گا۔ ان کے مطابق اسرائیل اپنی سلامتی کے دفاع کے لیے ہر ضروری اقدام اٹھانے کے لیے تیار ہے۔

دوسری جانب اسرائیلی فوج (آئی ڈی ایف) کے چیف آف اسٹاف لیفٹیننٹ جنرل ایال زمیر نے کہا کہ فوج کسی بھی ممکنہ صورتحال سے نمٹنے کے لیے مکمل طور پر تیار ہے اور ملک کو نقصان پہنچانے کی ہر کوشش کا سخت جواب دیا جائے گا۔

یہ بیانات ایسے وقت میں سامنے آئے ہیں جب اردن کے حکام کے مطابق ایران کی جانب سے عقبہ کی سمت داغے گئے متعدد میزائلوں میں سے بیشتر کو فضائی دفاعی نظام نے فضا میں ہی تباہ کر دیا، جبکہ ایک میزائل دور افتادہ علاقے میں گرا۔

اسرائیلی فوج نے بھی تصدیق کی کہ اس کے فضائی دفاعی نظام نے بعض میزائلوں کو روکنے کی کارروائی میں معاونت کی۔

ادھر امریکی نشریاتی ادارے سی این این کی رپورٹ کے مطابق بعض اسرائیلی ذرائع کا دعویٰ ہے کہ امریکی انتظامیہ موجودہ کشیدگی میں اسرائیل کی براہِ راست شمولیت محدود رکھنے کی خواہاں ہے تاکہ تنازع مزید نہ بڑھے۔ تاہم ایک امریکی عہدیدار نے اس تاثر کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ واشنگٹن اسرائیل کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہے اور دونوں ممالک کے درمیان قریبی تعاون برقرار ہے۔

رپورٹس کے مطابق حالیہ کشیدگی کے دوران ایران نے اسرائیل کو براہِ راست نشانہ بنانے کے بجائے خلیجی خطے کی سمت متعدد میزائل حملے کیے ہیں، جبکہ امریکا نے خطے میں اپنی فوجی تیاریوں کے تحت اسرائیل میں ایندھن فراہم کرنے والے فوجی طیاروں کی تعداد بھی بڑھا دی ہے۔