دنیا بھر میں فیس بک سروس متاثر ہونے کے بعد بحال

کچھ افراد کو ویب سائٹ اور ڈیسک ٹاپ ورژن استعمال کرنے میں بھی دشواری پیش آئی۔

July 19, 2026 · بام دنیا
دنیا بھر میں فیس بک سروس متاثر ہونے کے بعد بحال

کیلیفورنیا: پاکستان سمیت دنیا کے مختلف ممالک میں سوشل میڈیا پلیٹ فارم فیس بک کی سروس کچھ وقت کے لیے متاثر رہی، جس کے باعث لاکھوں صارفین کو پلیٹ فارم تک رسائی میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ بعد ازاں سروس مرحلہ وار بحال ہونا شروع ہوگئی۔

رپورٹس کے مطابق تعطل کے دوران متعدد صارفین فیس بک پر لاگ اِن نہیں کر سکے، جبکہ کچھ افراد کو ویب سائٹ اور ڈیسک ٹاپ ورژن استعمال کرنے میں بھی دشواری پیش آئی۔

انٹرنیٹ سروسز کی نگرانی کرنے والی ویب سائٹ “ڈاؤن ڈیٹیکٹر” کے مطابق اتوار کے روز مختصر وقت میں فیس بک کی خرابی سے متعلق شکایات میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جس سے ظاہر ہوا کہ مختلف ممالک میں صارفین ایک ہی نوعیت کے مسئلے کا سامنا کر رہے تھے۔

بعض صارفین نے بتایا کہ لاگ اِن کی کوشش کے دوران انہیں پیغام موصول ہوا کہ ان کا اکاؤنٹ عارضی طور پر دستیاب نہیں اور تکنیکی مسئلے کی وجہ سے کچھ دیر بعد دوبارہ کوشش کی جائے۔

بعد ازاں شکایات کی تعداد میں واضح کمی آنا شروع ہوئی اور فیس بک کی سروس بتدریج معمول پر آ گئی، جس کے بعد بیشتر صارفین دوبارہ پلیٹ فارم تک رسائی حاصل کرنے میں کامیاب ہوگئے۔

تاحال میٹا کی جانب سے سروس میں آنے والے تعطل کی وجہ سے متعلق کوئی تفصیلی سرکاری بیان جاری نہیں کیا گیا۔