خیبر میں شدید بارشوں اور سیلابی ریلوں سے تباہی،6 افراد جاں بحق
لنڈی کوتل میں درجن سے زائد زخمی، متعدد مکانات اور سڑکیں متاثر
فائل فوٹو
ضلع خیبر کے علاقے لنڈی کوتل میں موسلا دھار بارشوں اور اچانک آنے والے سیلابی ریلوں نے تباہی مچا دی، مختلف واقعات میں 6 افراد جاں بحق جبکہ درجن سے زائد افراد زخمی ہوگئے۔
جاں بحق افراد میں واپس جانے والے تین افغان مہاجرین بھی شامل ہیں۔ ریسکیو 1122 خیبر کی ٹیموں نے فوری کارروائیاں کرتے ہوئے جاں بحق افراد کی لاشیں نکال کر قانونی کارروائی کے لیے اسپتال منتقل کیں، جہاں ضروری کارروائی کے بعد لاشیں ورثا کے حوالے کر دی گئیں۔
ریسکیو اور مقامی ذرائع کے مطابق جاں بحق ہونے والوں میں تین افغان شہری شامل ہیں، جو پاک افغان شاہراہ پر سلطان خیل مارکیٹ کے قریب سیلابی ریلے کی زد میں آگئے تھے۔
ایک اور جاں بحق شخص کی شناخت فرحان ولد راصم گل سکنہ جبہ جمرود کے نام سے ہوئی، جبکہ لنڈی کوتل کے علاقے صدوخیل سے تعلق رکھنے والے ابوزر ولد عمران اور سیف اللہ ولد عرفات بھی سیلابی ریلے میں بہہ کر جاں بحق ہوگئے۔
شدید بارش کے باعث لنڈی کوتل اور گردونواح میں متعدد رابطہ سڑکیں متاثر ہوئیں، جبکہ کچے مکانات اور 10 سے زائد گھروں کی چاردیواریاں منہدم یا جزوی طور پر تباہ ہوگئیں۔
مختلف علاقوں میں ریسکیو 1122 خیبر کی امدادی سرگرمیاں جاری ہیں، جبکہ زخمیوں کو فوری طبی امداد کے لیے قریبی اسپتالوں میں منتقل کیا گیا۔