چوری کا سامان بیچنے آیا شخص گھر کے مالک کی دکان پر ہی پکڑا گیا
جیسے ہی فروخت کے لیے لائی گئی موٹر کھولی گئی، دکاندار نے اسے اپنے گھر سے چوری ہونے والی موٹر کے طور پر پہچان لیا۔
بھارت کی ریاست جھارکھنڈ میں ایک دلچسپ واقعہ اس وقت پیش آیا جب مبینہ چور چوری شدہ سامان فروخت کرنے کے لیے اتفاقاً اسی شخص کی دکان پر پہنچ گیا، جس کے گھر سے یہ سامان چوری ہوا تھا۔
پولیس کے مطابق واقعہ ضلع دھنباد کے علاقے بالیاپور میں پیش آیا، جہاں چند روز قبل ایک گھر سے پنکھوں اور پانی کی موٹر سمیت مختلف سامان چوری کیا گیا تھا۔ متاثرہ شہری نے واقعے کی رپورٹ بھی پولیس میں درج کرا رکھی تھی۔
چند روز بعد ایک شخص سیکنڈ ہینڈ پانی کی موٹر فروخت کرنے کے ارادے سے بازار پہنچا اور ایک کپڑے کی دکان پر گیا۔ اتفاق سے یہ دکان اسی گھر کے مالک کی تھی، تاہم اس وقت دکان پر مالک کا بھائی موجود تھا۔
جیسے ہی فروخت کے لیے لائی گئی موٹر کھولی گئی، دکاندار نے اسے اپنے گھر سے چوری ہونے والی موٹر کے طور پر پہچان لیا۔ اس نے فوری طور پر اپنے بھائی کو اطلاع دی اور مشتبہ شخص سے سامان کے بارے میں پوچھ گچھ شروع کر دی۔
سوالات بڑھنے پر مبینہ ملزم نے وہاں سے فرار ہونے کی کوشش کی، لیکن قریبی دکانداروں نے اسے پکڑ لیا اور پولیس کے حوالے کر دیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزم سے تفتیش جاری ہے۔ ابتدائی تحقیقات میں اس نے اپنے چند ساتھیوں کے بارے میں بھی معلومات فراہم کی ہیں، جبکہ چوری شدہ باقی سامان کی برآمدگی کے لیے کارروائی کی جا رہی ہے۔