ٹرمپ کا کینیڈا پر 50 فیصد نئے ٹیرف عائد کرنے کا اعلان
نئے محصولات آئندہ 30 روز بعد نافذ العمل ہوں گے۔ ان کا اطلاق شراب، ہاکی اسٹکس، سیمنٹ اور دیگر صنعتی مصنوعات پر ہوگا
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کینیڈا سے درآمد ہونے والی متعدد مصنوعات پر 50 فیصد نئے محصولات (ٹیرف) عائد کرنے کا اعلان کر دیا ہے، جس سے دونوں ممالک کے درمیان تجارتی کشیدگی مزید بڑھنے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔
وائٹ ہاؤس کے مطابق نئے محصولات آئندہ 30 روز بعد نافذ العمل ہوں گے۔ ان کا اطلاق شراب، ہاکی اسٹکس، سیمنٹ اور دیگر صنعتی مصنوعات پر ہوگا، جبکہ توانائی، پوٹاش، اہم معدنیات اور مچھلی سمیت بعض بڑی برآمدات کو اس فیصلے سے مستثنیٰ رکھا گیا ہے۔
امریکی صدر کا کہنا ہے کہ یہ اقدام امریکی گاڑیوں، ڈیری مصنوعات اور شراب کے ساتھ مبینہ غیر مساوی تجارتی سلوک کے جواب میں کیا گیا ہے۔
دوسری جانب کینیڈا کے وزیر اعظم مارک کارنی نے کہا ہے کہ ان کا ملک امریکا کے ساتھ جاری تجارتی مذاکرات کو مزید تیز کرے گا اور دونوں ممالک کے درمیان اختلافات کے حل کے لیے سفارتی رابطے جاری رکھے جائیں گے۔
واضح رہے کہ امریکا اس سے قبل بھی کینیڈا سے درآمد ہونے والی اسٹیل، ایلومینیم، تانبے، لکڑی اور بعض آٹو پارٹس پر مختلف شرحوں سے محصولات عائد کر چکا ہے، جبکہ کینیڈا نے بھی جوابی اقدام کے طور پر بعض امریکی مصنوعات پر 25 فیصد محصولات نافذ کر رکھے ہیں۔
تجزیہ کاروں کے مطابق نئے محصولات کے اعلان سے شمالی امریکا میں تجارتی تعلقات پر مزید دباؤ پڑ سکتا ہے اور دونوں ممالک کے درمیان مذاکرات کی اہمیت مزید بڑھ گئی ہے۔