تحریک انصاف کا نورین نیازی کے بیان سے اعلان لاتعلقی۔بھارت سے جنگ میں کامیابی پرپوری قوم کو فخر:گوہر

معرکہ حق سے متعلق بیان ذاتی خیالات قرار، پاکستان کی کامیابی پر فخر کا اظہار

July 21, 2026 · قومی

فائل فوٹو

 تحریک انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہر خان نے معرکہ حق کے بارے میں بانی پی ٹی آئی عمران خان کی بہن نورین نیازی کے بیان سے متعلق وضاحت کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ بیان پارٹی پالیسی نہیں۔

اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر خان نے کہا کہ ان کی اطلاع کے مطابق نورین نیازی کا انٹرویو تین ماہ پرانا ہے، جبکہ کوئی بھی متنازع بیان مین اسٹریم میڈیا پر نہیں آنا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ نورین نیازی کا بیان ان کے ذاتی خیالات ہیں اور یہ پارٹی پالیسی نہیں۔ معرکہ حق کی فتح پاکستان پر اللہ کا کرم ہے۔

بیرسٹر گوہر خان نے کہا کہ معرکہ حق میں پاکستان کی کامیابی کا مظاہرہ پوری دنیا نے دیکھا ہے اور ہر پاکستانی کو اس کامیابی پر فخر ہے۔