صدر زیلنسکی نے یوکرینی فوج کے کمانڈر انچیف کو ہٹا دیا
جنرل سریسکی اور وزارتِ دفاع کے درمیان روس کے خلاف جنگی حکمت عملی پر اختلافات سامنے آئے تھے
یوکرین کے صدر وولودیمیر زیلنسکی نے فوج کے کمانڈر انچیف جنرل الیکزینڈر سریسکی کو ان کے عہدے سے ہٹا دیا ہے۔ حکومتی اعلان کے مطابق ان کی جگہ جنرل میخائلو دراپٹی کو یوکرینی مسلح افواج کا نیا کمانڈر انچیف مقرر کیا گیا ہے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق جنرل سریسکی اور وزارتِ دفاع کے درمیان روس کے خلاف جنگی حکمت عملی پر اختلافات سامنے آئے تھے، جو حالیہ دنوں میں شدت اختیار کر گئے۔ انہی اختلافات کے تناظر میں فوجی قیادت میں تبدیلی کا فیصلہ کیا گیا۔
رپورٹس میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ یوکرینی جنرل اسٹاف کی اعلیٰ قیادت میں مزید تبدیلیوں کا امکان موجود ہے، تاہم اس حوالے سے حکام کی جانب سے باضابطہ تفصیلات جاری نہیں کی گئیں۔
دوسری جانب یوکرین اور روس کے درمیان جنگ بدستور جاری ہے، جبکہ فوجی قیادت میں اس تبدیلی کو موجودہ جنگی صورتحال کے تناظر میں اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔