فرانس میں 15 سال سے کم عمر بچوں کے لیے سوشل میڈیا پر پابندی کی منظوری
ستمبر 2026 سے 15 سال سے کم عمر افراد نئے سوشل میڈیا اکاؤنٹس نہیں بنا سکیں گے،
فرانسیسی پارلیمان نے ایک نیا قانون منظور کر لیا ہے جس کے تحت جنوری 2027 سے 15 سال سے کم عمر بچوں کے لیے سوشل میڈیا کے استعمال پر پابندی عائد کر دی جائے گی۔ اس اقدام کے بعد فرانس یورپ کا پہلا ملک بن جائے گا جہاں کم عمر افراد کی سوشل میڈیا تک رسائی قانونی طور پر محدود کی جائے گی۔
قانون کے مطابق فرانس میں سوشل میڈیا استعمال کرنے والے ہر نئے صارف کے لیے عمر کی تصدیق لازمی ہوگی۔ ستمبر 2026 سے 15 سال سے کم عمر افراد نئے سوشل میڈیا اکاؤنٹس نہیں بنا سکیں گے، جبکہ جنوری 2027 سے عمر کی تصدیق کی شرط تمام موجودہ صارفین پر بھی لاگو ہو جائے گی۔
حکام کے مطابق سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کو فرانسیسی پرائیویسی ریگولیٹر سے منظور شدہ عمر کی تصدیقی ٹیکنالوجی استعمال کرنا ہوگی تاکہ قانون پر مؤثر عمل درآمد یقینی بنایا جا سکے۔
فرانسیسی صدر ایمانوئل میکخواں نے اس قانون کا خیر مقدم کرتے ہوئے اسے بچوں کی ذہنی صحت کے تحفظ کے لیے ایک اہم قدم قرار دیا۔ حکومت کا مؤقف ہے کہ سوشل میڈیا کے بڑھتے استعمال کے باعث کم عمر بچوں کی ذہنی اور سماجی صحت سے متعلق خدشات میں اضافہ ہوا ہے۔
دوسری جانب بعض ماہرین اور شہری آزادیوں کے حامی حلقوں نے قانون پر تحفظات کا اظہار کیا ہے۔ ان کے مطابق عمر کی لازمی تصدیق سے صارفین کی رازداری متاثر ہو سکتی ہے، جبکہ یہ خدشہ بھی موجود ہے کہ بعض کم عمر صارفین پابندی سے بچنے کے لیے متبادل ذرائع اختیار کریں گے۔
فرانس اس نوعیت کی پابندی متعارف کرانے والا آسٹریلیا کے بعد دوسرا ملک ہے، جبکہ یورپی یونین اور برطانیہ میں بھی کم عمر افراد کی سوشل میڈیا تک رسائی محدود کرنے کے لیے مختلف تجاویز زیر غور ہیں۔