بھارت میں امتحانی بدعنوانی کے خلاف مودی حکومت کا بڑا فیصلہ

نوجوانوں کی تعلیم، فلاح اور مستقبل حکومت کی اولین ترجیح ہے

July 23, 2026 · بام دنیا

 بھارت کے وزیرِ اعظم نریندر مودی نے امتحانی پرچے لیک کرنے کے واقعات میں ملوث افراد کے خلاف فوری قانونی کارروائی کے لیے فاسٹ ٹریک عدالتیں قائم کرنے کا اعلان کیا ہے۔

سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری اپنے بیان میں نریندر مودی نے کہا کہ نوجوانوں کی تعلیم، فلاح اور مستقبل حکومت کی اولین ترجیح ہے، اسی لیے امتحانی نظام کو شفاف بنانے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ متعلقہ اداروں اور حکام کو فاسٹ ٹریک عدالتوں کے قیام کے لیے ضروری انتظامات مکمل کرنے کی ہدایت دے دی گئی ہے تاکہ ایسے مقدمات کا جلد فیصلہ ممکن بنایا جا سکے۔

بھارتی وزیرِ اعظم کے مطابق یہ اقدام طلبہ کے حقوق کے تحفظ اور امتحانی نظام پر اعتماد بحال کرنے کی حکومتی کوششوں کا حصہ ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ نوجوانوں کے مستقبل سے کھیلنے والے عناصر کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی کی جائے گی۔

دوسری جانب بھارت میں مختلف مقابلہ جاتی امتحانات میں مبینہ بے ضابطگیوں اور پرچے لیک ہونے کے واقعات کے خلاف کئی ہفتوں سے احتجاج جاری ہے۔ مظاہرین کا مطالبہ ہے کہ ذمہ دار افراد کے خلاف سخت کارروائی کی جائے اور امتحانی نظام کو مکمل طور پر شفاف بنایا جائے۔ بعض طلبہ تنظیمیں وزیرِ تعلیم کے استعفے کا مطالبہ بھی کر رہی ہیں۔