مانسہرہ میں کنگ عبداللہ ہسپتال سمیت نجی ہسپتالوں کا مبینہ طبی فضلہ سڑکوں پر پھینکے جانے لگا
خون آلود پٹیاں، استعمال شدہ سرنجیں اور انجکشن کھلے عام بکھرنے سے شہری پریشان، ڈپٹی کمشنر سے سخت کارروائی کا مطالبہ
مانسہرہ میں کنگ عبداللہ ہسپتال سمیت نجی ہسپتالوں کا مبینہ طبی فضلہ سڑکوں پر پھینکے جانے لگا
کنگ عبداللہ ہسپتال سمیت شہر کے مختلف نجی ہسپتالوں اور میڈیکل لیبارٹریوں سے نکلنے والا مبینہ طبی فضلہ مناسب طریقے سے تلف کرنے کے بجائے سڑکوں اور دیگر کھلی جگہوں پر پھینکے جانے کی شکایات سامنے آنے لگی ہیں، جس کے باعث شہریوں میں شدید تشویش پائی جا رہی ہے۔
شہریوں کے مطابق شہر کے مختلف مقامات پر خون آلود پٹیاں، استعمال شدہ ڈسپوزیبل سرنجیں، انجکشن، روئی اور دیگر آلودہ طبی سامان بکھرا نظر آتا ہے، جو نہ صرف ماحول کو آلودہ کر رہا ہے بلکہ انسانی صحت کے لیے بھی سنگین خطرہ بن سکتا ہے۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ ہسپتالوں اور لیبارٹریوں سے نکلنے والا طبی فضلہ عام گھریلو کوڑا کرکٹ نہیں ہوتا بلکہ اس میں مختلف اقسام کے جراثیم اور انفیکشن پھیلانے والے مادے موجود ہوسکتے ہیں۔ خصوصاً استعمال شدہ سرنجیں اور خون آلود پٹیاں بچوں، راہگیروں، صفائی کے عملے اور کوڑا اٹھانے والے افراد کے لیے خطرناک ثابت ہوسکتی ہیں۔
عوامی حلقوں کے مطابق طبی فضلے کو غیر محفوظ طریقے سے ٹھکانے لگانے کی غفلت سے ہیپاٹائٹس بی، ہیپاٹائٹس سی اور دیگر متعدی امراض پھیلنے کے خدشات بھی بڑھ جاتے ہیں۔
شہریوں نے سوال اٹھایا ہے کہ جب ہسپتالوں اور لیبارٹریوں کو طبی فضلہ محفوظ طریقے سے جمع کرنے، علیحدہ رکھنے اور مقررہ طریقہ کار کے مطابق تلف کرنے کا پابند بنایا گیا ہے تو اس کے باوجود مبینہ طور پر طبی فضلہ کھلے عام سڑکوں اور گلیوں میں کیوں پھینکا جا رہا ہے؟ متعلقہ ادارے اس سنگین معاملے پر خاموش کیوں ہیں؟
شہریوں نے ڈپٹی کمشنر مانسہرہ یاسر علی خان، محکمہ صحت کے اعلیٰ حکام اور متعلقہ ماحولیاتی اداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ کنگ عبداللہ ہسپتال سمیت تمام سرکاری و نجی ہسپتالوں اور میڈیکل لیبارٹریوں کا فوری معائنہ کیا جائے۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ طبی فضلے کو غیر محفوظ طریقے سے ٹھکانے لگانے کے ذمہ داروں کا تعین کیا جائے اور غفلت کے مرتکب انتظامیہ کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جائے۔
عوامی حلقوں نے مزید مطالبہ کیا ہے کہ شہر بھر میں طبی فضلے کی تلفی کے نظام کو مؤثر بنایا جائے اور اس حوالے سے باقاعدہ نگرانی کا نظام قائم کیا جائے تاکہ شہریوں کو موذی امراض اور ماحولیاتی آلودگی سے محفوظ رکھا جاسکے۔