کوئی الیکشن نہیں ہوں گے،نکاراگوا پر 20 سال حکمرانی کرنے والے صدر کا اعلان

نکاراگوا میں شہری آزادیوں، سیاسی حقوق اور قانون کی حکمرانی کو مسلسل محدود کیا جا رہا ہے، جس سے جمہوری عمل متاثر ہو رہا ہے۔

July 23, 2026 · بام دنیا
کوئی الیکشن نہیں ہوں گے،نکاراگوا پر 20 سال حکمرانی کرنے والے صدر کا اعلان

ماناگوا: نکاراگوا کے صدر ڈینیئل اورٹیگا نے اعلان کیا ہے کہ ملک میں آئندہ عام انتخابات نہیں ہوں گے، جس کے بعد سیاسی صورتحال پر نئی بحث چھڑ گئی ہے۔ صدر کے اس اعلان پر اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے ادارے نے بھی شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق تقریباً دو دہائیوں سے اقتدار میں موجود صدر ڈینیئل اورٹیگا نے کہا کہ نکاراگوا میں فی الحال انتخابات کرانے کا کوئی منصوبہ نہیں ہے۔ ان کا یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب ملک میں آئینی ترامیم کے تحت صدارتی مدت پانچ سے بڑھا کر چھ سال کر دی گئی ہے، جس کے باعث آئندہ عام انتخابات 2027 تک مؤخر ہونے کا امکان ہے۔

اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر برائے انسانی حقوق وولکر ترک نے اس پیش رفت پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ نکاراگوا میں شہری آزادیوں، سیاسی حقوق اور قانون کی حکمرانی کو مسلسل محدود کیا جا رہا ہے، جس سے جمہوری عمل متاثر ہو رہا ہے۔

انہوں نے حکومت پر زور دیا کہ سیاسی سرگرمیوں، آزادیٔ اظہار اور عوام کی سیاسی عمل میں شرکت کو یقینی بنایا جائے تاکہ تمام شہری بین الاقوامی انسانی حقوق کے اصولوں کے مطابق ووٹ ڈالنے اور انتخابات میں حصہ لینے کا حق استعمال کر سکیں۔

اقوام متحدہ نے حالیہ عرصے میں متعدد وکلا کی اسناد منسوخ کیے جانے، سیاسی بنیادوں پر گرفتاریوں اور مذہبی شخصیات کے ساتھ برتاؤ پر بھی تشویش ظاہر کرتے ہوئے حکومت سے قانون کی حکمرانی اور بنیادی انسانی حقوق کے احترام کا مطالبہ کیا۔

یاد رہے کہ نکاراگوا میں 2018 کے حکومت مخالف مظاہروں کے بعد سیاسی کشیدگی میں اضافہ ہوا تھا، جس کے بعد حکومت پر اپوزیشن، میڈیا اور سول سوسائٹی پر دباؤ بڑھانے کے الزامات عائد کیے جاتے رہے ہیں، جبکہ حکومت ان الزامات کو مسترد کرتی آئی ہے۔