سوڈان میں بازار پر ڈرون حملہ، 6 افراد ہلاک، متعدد زخمی
زخمیوں میں متعدد بچے بھی شامل ہیں، جنہیں قریبی طبی مراکز میں منتقل کر دیا گیا ہے
خرطوم: سوڈان کے شمالی کردفان کے علاقے الرہد میں ایک مقامی بازار پر ڈرون حملے کے نتیجے میں کم از کم 6 افراد ہلاک جبکہ 26 سے زائد افراد زخمی ہو گئے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق زخمیوں میں متعدد بچے بھی شامل ہیں، جنہیں قریبی طبی مراکز میں منتقل کر دیا گیا ہے۔ حملے کے بعد امدادی ٹیمیں متاثرہ علاقے میں امدادی سرگرمیوں میں مصروف ہیں۔
اقوام متحدہ کے ادارے یونیسیف کے مطابق ہلاک ہونے والوں میں دو بچے اور چار بالغ افراد شامل ہیں۔ ادارے نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سوڈان میں جاری تنازع کے دوران بچے مسلسل تشدد اور حملوں کا شکار ہو رہے ہیں۔
واضح رہے کہ سوڈان میں اپریل 2023 سے فوج اور نیم فوجی ریپڈ سپورٹ فورسز (RSF) کے درمیان جاری جنگ کے باعث لاکھوں افراد بے گھر ہو چکے ہیں، جبکہ حالیہ مہینوں میں ڈرون حملوں میں اضافے سے شہری آبادی کو شدید خطرات لاحق ہو گئے ہیں۔