لاہور میں موسلا دھار بارش کے دوران پانی میں ڈوبنے اور کرنٹ سے2 افراد جاں بحق

343 ملی میٹر بارش، شہر کے 130 سے زائد مقامات پر پانی جمع ہوگیا

July 24, 2026 · قومی

فائل فوٹو

لاہور میں شدید بارش کے باعث مختلف حادثات میں دو افراد جاں بحق ہو گئے، جبکہ شہر کے متعدد علاقوں میں پانی جمع ہونے سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

ڈیفنس فیز فائیو میں ایک شہری گھر کی بیسمنٹ میں کھڑا بارش کا پانی نکالتے ہوئے ڈوب کر جاں بحق ہو گیا۔ پولیس کے مطابق گھر کی بیسمنٹ میں 10 فٹ پانی جمع تھا، جبکہ لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے بھجوا دیا گیا ہے۔

ایک اور واقعے میں ایک شخص کرنٹ لگنے سے جاں بحق ہو گیا۔

نیشنل ہاکی اسٹیڈیم اور اس کے اطراف سمیت لاہور کے مختلف علاقوں میں بارش ریکارڈ کی گئی۔ بارش کے باعث درجہ حرارت میں کمی آئی اور موسم خوشگوار ہو گیا، تاہم نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے کے خدشے کے پیش نظر متعلقہ ادارے صورتحال کی نگرانی کر رہے ہیں۔

محکمہ آبپاشی و صفائی (واسا) کے مطابق لاہور ایئرپورٹ کے علاقے میں سب سے زیادہ 263 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی، جبکہ صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) کے مطابق گزشتہ 48 گھنٹوں کے دوران شہر میں 343 ملی میٹر بارش ہوئی، جس کے باعث 130 سے زائد مقامات پر پانی جمع ہو گیا۔

ڈیفنس ہاؤسنگ اتھارٹی کے فیز ون سے فیز فائیو تک کئی مقامات پر سڑکیں تین سے چار فٹ پانی میں ڈوب گئیں، جبکہ ڈیفنس انڈر پاس بھی مکمل طور پر زیر آب آنے کے بعد ٹریفک کے لیے بند کر دیا گیا۔

بارش کے باعث متعدد موٹرسائیکلیں اور گاڑیاں سڑکوں پر رک گئیں، جبکہ کئی نشیبی علاقوں میں پانی گھروں میں بھی داخل ہو گیا۔

واسا حکام کے مطابق تمام ڈسپوزل اسٹیشنز مکمل صلاحیت کے ساتھ کام کر رہے ہیں، اضافی مشینری اور عملہ متاثرہ مقامات پر تعینات کیا گیا ہے، جبکہ 21 مون سون ایمرجنسی ریلیف کیمپ بھی قائم کیے گئے ہیں۔