پاکستان کی تمام سرکاری اور نجی یونیورسٹیوں میں اےآئی کورس لازمی قرار

آغاز فال2026سےہوگا

July 25, 2026 · قومی

فائل فوٹو

ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) نے پاکستان کی تمام سرکاری اور نجی یونیورسٹیوں میں انڈرگریجویٹ اور پوسٹ گریجویٹ ڈگری پروگرامز کے لیے تین کریڈٹ آورز پر مشتمل مصنوعی ذہانت (AI) کا لازمی کورس منظور کر لیا ہے۔

ایچ ای سی کے مطابق یہ لازمی کورس فال 2026 سے نافذ العمل ہوگا اور اس کا اطلاق تمام تعلیمی شعبوں سے تعلق رکھنے والے طلبہ پر ہوگا۔

کمیشن کے مطابق کورس کا مقصد طلبہ کو مصنوعی ذہانت کے بنیادی تصورات اور عملی صلاحیتوں سے آگاہ کرنا ہے تاکہ وہ تیزی سے تبدیل ہوتی ٹیکنالوجی پر مبنی عالمی معیشت میں درکار مہارتیں حاصل کر سکیں۔

یہ فیصلہ ایچ ای سی کے 47ویں اجلاس میں کیا گیا، جس کی صدارت چیئرمین ایچ ای سی ڈاکٹر نیاز احمد اختر نے اسلام آباد میں کمیشن سیکریٹریٹ میں کی۔ اجلاس میں وفاقی و صوبائی نمائندگان، وائس چانسلرز اور کمیشن کے دیگر اراکین نے شرکت کی۔

اجلاس میں اعلیٰ تعلیمی اداروں میں جنریٹو آرٹیفیشل انٹیلی جنس کے ذمہ دارانہ استعمال کے لیے قومی فریم ورک کی اصولی منظوری بھی دی گئی۔

تاہم مسودہ مزید سفارشات شامل کرنے کے لیے ایچ ای سی سیکریٹریٹ کو واپس بھیج دیا گیا تاکہ کمیشن اراکین کی تجاویز شامل کرنے کے بعد اسے باضابطہ طور پر جاری کیا جا سکے۔

اجلاس میں ادارہ جاتی ڈیٹا کو اے پی آئیز کے ذریعے بیرونی حکومتی اداروں کے ساتھ شیئر کرنے کے لیے مجوزہ ڈیٹا پروٹیکشن پالیسی کو بھی اصولی منظوری دی گئی، تاہم اسے قانونی اور تکنیکی بہتری کے لیے مزید جائزے کی غرض سے واپس کر دیا گیا۔