رجب بٹ کیخلاف لڑکی نے حملہ کرانے کا مقدمہ درج کرا دیا
یہ کارروائی رجب بٹ کے کہنے پر کی گئی، جبکہ متاثرہ خاتون نے پولیس سے تحفظ فراہم کرنے اور نامزد ملزمان کے خلاف قانونی کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔
لاہور: معروف ٹک ٹاکر رجب بٹ کے خلاف لاہور کے تھانہ نواب ٹاؤن میں ایک اور مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ مقدمہ ٹک ٹاکر عائشہ شرافت المعروف عائشہ جٹ کی درخواست پر درج کیا گیا۔
پولیس کے مطابق مقدمے میں رجب بٹ، میر شفیع اور دو نامعلوم خواتین کو نامزد کیا گیا ہے، جبکہ ایف آئی آر میں تشدد، فائرنگ، سنگین دھمکیاں دینے اور دیگر متعلقہ دفعات شامل کی گئی ہیں۔
درخواست گزار کے مطابق 25 جولائی کی صبح تقریباً 4 بجے وہ اپنی دو ساتھیوں کے ہمراہ لاہور کے ایک کیفے میں موجود تھیں، جہاں چند افراد نے مبینہ طور پر بدتمیزی کی، تشدد کیا اور اس دوران اسلحہ بھی نکالا گیا۔ ایف آئی آر کے مطابق ایک ملزم کی جانب سے فائرنگ کیے جانے کا بھی دعویٰ کیا گیا ہے۔
درخواست میں الزام عائد کیا گیا ہے کہ یہ کارروائی رجب بٹ کے کہنے پر کی گئی، جبکہ متاثرہ خاتون نے پولیس سے تحفظ فراہم کرنے اور نامزد ملزمان کے خلاف قانونی کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔
پولیس نے درخواست موصول ہونے کے بعد مقدمہ درج کر کے واقعے کی تحقیقات انویسٹی گیشن ونگ کے سپرد کر دی ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ شواہد اور دستیاب معلومات کی روشنی میں مزید قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
واضح رہے کہ ایف آئی آر میں درج الزامات ابتدائی نوعیت کے ہیں، جن کی تصدیق تفتیش مکمل ہونے اور قانونی کارروائی کے بعد ہی ممکن ہو سکے گی۔