کوئٹہ میں ٹریفک مسائل حل کرنے کے لیے اے آئی سگنلزنصب کرنےکا فیصلہ

مصنوعی ذہانت پر مبنی نظام سے ٹریفک بہاؤ بہتر بنانے کی حکمت عملی تیار

July 27, 2026 · امت خاص

فائل فوٹو

 

وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی زیر صدارت اعلیٰ سطح اجلاس میں صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں بڑھتے ہوئے ٹریفک مسائل کے مستقل حل کے لیے جدید اے آئی (مصنوعی ذہانت) بیسڈ ٹریفک سگنلز نصب کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا۔

اجلاس میں شہر میں جدید ٹریفک مینجمنٹ سسٹم کے نفاذ کی حکمت عملی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ حکام نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ٹریفک کے بڑھتے ہوئے دباؤ پر قابو پانے کے لیے مصنوعی ذہانت پر مبنی جدید ٹریفک سگنلز فعال کیے جائیں گے، جس سے ٹریفک کے بہاؤ کو مؤثر انداز میں منظم کرنے میں مدد ملے گی۔

وزیراعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے ہدایت کی کہ جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے ٹریفک کے بہاؤ کو بہتر بنا کر شہریوں کو محفوظ، منظم اور بہتر سفری سہولیات فراہم کی جائیں۔

انہوں نے متعلقہ اداروں کو مؤثر، پائیدار اور جدید ٹریفک نظام کے قیام کے لیے مربوط اقدامات یقینی بنانے کی ہدایت کی۔

وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ شہریوں کی سہولت اور محفوظ ٹریفک نظام حکومت بلوچستان کی اولین ترجیح ہے، جبکہ جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے ٹریفک مسائل کا حل حکومت کے اصلاحاتی ایجنڈے کا اہم حصہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ اے آئی بیسڈ ٹریفک مینجمنٹ سسٹم کے نفاذ سے سفر کا دورانیہ کم ہوگا، سڑکوں پر نظم و ضبط، شفافیت اور مؤثر نگرانی کو فروغ ملے گا، جبکہ شہریوں کو بہتر سفری سہولیات میسر آئیں گی۔

میر سرفراز بگٹی نے اس عزم کا اظہار کیا کہ کوئٹہ کو جدید شہری سہولیات سے آراستہ کرنا حکومت بلوچستان کی ترجیحات میں شامل ہے اور ٹیکنالوجی پر مبنی فیصلوں کے ذریعے عوام کو محفوظ، منظم اور سہل سفری ماحول فراہم کیا جائے گا۔