الیکٹرک بسیں آزاد کشمیر بھیجنے پر اپوزیشن کی تحریک التوا پنجاب اسمبلی میں جمع

سیاسی رشوت کاالزام۔بحث کرانے کی درخواست، منظوری پر بھی سوالات

July 28, 2026 · قومی
فائل فوٹو

فائل فوٹو

لاہور: آزاد کشمیر کو الیکٹرک بسیں فراہم کرنے کے معاملے پر اپوزیشن رکن پنجاب اسمبلی اعجاز شفیع نے پنجاب اسمبلی میں تحریک التوا جمع کرا دی، جس میں بسوں کی فراہمی کو سیاسی رشوت قرار دیا گیا ہے۔

تحریک التوا کے متن کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب نے آزاد کشمیر کی انتخابی مہم کے دوران ایک جلسے میں عوام سے 10 الیکٹرک بسوں کا تحفہ دینے کا وعدہ کیا، جبکہ اگلے ہی روز انتخابات سے قبل 10 الیکٹرک بسیں آزاد کشمیر پہنچا دی گئیں۔

تحریک التوا میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ یہ واضح کیا جائے کہ ان بسوں کی قیمت وزیر اعلیٰ پنجاب نے اپنی جیب سے ادا کی یا یہ رقم غریب عوام کے ٹیکسوں سے ادا کی گئی، جو مہنگائی کے باعث شدید مشکلات کا شکار ہیں۔

متن کے مطابق نہ تو پنجاب اسمبلی سے ان بسوں کی فراہمی کی منظوری لی گئی اور نہ ہی وزیر اعلیٰ نے ذاتی وسائل سے یہ بسیں خرید کر فراہم کیں۔ تحریک میں الزام عائد کیا گیا ہے کہ یہ بسیں سیاسی رشوت کے طور پر اپنی جماعت کا ووٹ بینک بڑھانے کے لیے آزاد کشمیر کے عوام کو دی گئی ہیں۔

تحریک التوا میں مزید کہا گیا ہے کہ یہ اقدام پنجاب کے عوام کے ساتھ زیادتی ہے، جس پر صوبے کے عوام میں تشویش پائی جاتی ہے۔ تحریک میں استدعا کی گئی ہے کہ اسے باقاعدہ قرار دے کر پنجاب اسمبلی میں اس پر بحث کی اجازت دی جائے۔